31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد پاکستان سے غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی جاری

راولپنڈی(آن لائن)31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد پاکستان سے غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی جاری ہے، افغان باشندوں کی واپسی کے لئے حکومت پاکستان نے بہترین انتظامات کئے ہیں

، غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے پاکستان کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونے لگے ہیں۔پاکستان نے افغان مہاجرین کے لئے ہمیشہ ذمہ دار اور بہترین ہمسایہ ملک ہونے کا کردار ادا کیا،پاکستان نے فراخدلی سے افغان باشندوں کو پناہ کے ساتھ روزگار کے مواقع مہیا کئے جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔ڈیڈ لائن کے بعد صرف غیر قانونی افغان باشندوں کا پاکستان سے محفوظ اور باعزت انخلاء یقینی بنایا گیا۔افغان باشندوں کی باعزت واپسی کیلئے مختلف اضلاع میں تمام سہولیات سے آراستہ ٹرانزٹ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔چمن اور طورخم بارڈر کراسنگز سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افغان باشندے واپس جا رہے ہیں۔مزید 1925 غیر قانونی افغان باشندے گذشتہ روز اپنے ملک چلے گئے، واپس جانے والے 1925 افغان شہریوں میں 450 مرد، 435 خواتین اور 1,040 بچے شامل تھے۔افغانستان روانگی کے لیے 135 گاڑیوں میں 516 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی،رپورٹ کے مطابق اب تک کل 251,008 غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔

Comments are closed.