ملک میں نئی سوچ اور نئی طرز سیاست کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو زرداری

کوئٹہ ( آن لائن ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں نئی سوچ اور نئی طرز سیاست کی ضرورت ہے، ہماری مخالف کوئی سیاسی جماعت نہیں، پیپلز چارٹر آف اکانومی لائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ سیاستدان ذاتی انا کے بجائے عوام کا سوچیں، ملک کو ایک نئے طرز سیاست کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی نئی طرز سیاست شروع کرنا چاہتی ہے، ہمارا مخالف کوئی سیاستدان نہیں، غربت اور بے روزگاری ہے، جس کے لئے پرانی طرز سیاست کو دفن کرنا پڑے گا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آصف زرداری نے بھی انتقام کی سیاست نہیں کی بلکہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کردیا، اگر وہ چاہتے تو زبان کاٹنے والے کو جیل بھیج دیتے لیکن انہوں نے 18ویں ترمیم کو منظور کیا، زرداری دور میں سی پیک کی بنیاد رکھی گئی، بے نظیرانکم سپورٹ پروگروام شروع ہوا، آصف زرداری نیایک سال میں پاکستان کو گندم میں خود کفیل کیا۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں موجود ہے، ہم نے اپنے نظریے کو اس دور کے حساب سے چلانا ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب طبقے کا خیال رکھا ہے، یہ جماعت ملک کے غریب عوام کی نمائندگی کرتی ہے، ہمیں ایک نئے چارٹر آف ڈیمو کریسی کی ضرورت ہے، ہم چارٹرآف اکانومی لائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹو کے مشن کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں، قائد عوام ذوالفقاربھٹو نے نئے طرز کی سیاست متعارف کروائی، اور بے آئین سرزمین کو آئین دیا، بے نظیر بھٹو نے سیاست شروع کی تو ملک میں آمریت تھی، آمر نے عوام سے جموری حق، ووٹ کا حق چھینا، بے نظیربھٹو نے ملک میں نئی طرز کی سیاست کی، ایک نہتی لڑکی نے 2،2 آمروں کا سامنا کیا، اور وہ مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، انہوں نے تقسیم کی سیاست کو دفن کیا، عورت ہونے کے باوجود نہیں جھکیں اور شہادت قبول کی ۔بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ جب کوئی میمو گیٹ میں کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ گیا تو صدر زرداری نے نئی طرز کی سیاست کر کے تاریخ رقم کی، کسانوں کو سبسڈی دینے کے لیے ’کسان کارڈ‘ لائیں گے، اگر کسان خوش حال ہو گا تو پاکستان خوش حال ہو گا، مزدوروں کو حقوق دینے کے لیے ’بے نظیر مزدور کارڈ‘ بھی لائیں گے۔سابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بلوچستان میں بھی جیالا وزیرِ اعلیٰ آئیگا، کوئٹہ میں دل کے امراض کے علاج کے لیے بڑا اسپتال بنائیں گے، جیسے آپ نے قائد عوام اور بی بی شہید کا ساتھ دیا، اس طرح ہمارا ساتھ دیں تو ہم بلوچستان کی قمست بدلیں گے، صدر زرداری اور میں ہر جگہ بلوچستان کی نمائندگی کریں گے ۔

Comments are closed.