الیکشن کمیشن کا عام انتخابات میں اپیلٹ ٹریبونلز کیلئے عدلیہ سے رجوع کا فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں اپیلٹ ٹریبونلز کے لیے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہنگامی مراسلے جاری کیے ہیں جن میں ملک بھر کے پانچوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی گئی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس ہائیکورٹس سے اپیلٹ ٹریبونلز کے لیے تجاویز لی جائیں، ملک بھر میں انتخابات کے لیے اپیلٹ ٹریبونلز ہائیکورٹس کے ججز پر مشتمل ہوں گے، اپیلٹ ٹریبونلز میں ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کو چیلنج کیا جاسکے گا۔بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آزادانہ، غیرجانبدار، صاف شفاف عام انتخابات کیلئے بڑے اقدامات شروع کردیئے، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے نگران وفاقی وزرا کو ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے، الیکشن کمیشن درخواست پر 21دسمبر کو دن ایک بجے سماعت کرے گا۔معلوم ہوا ہے کہ درخواست گزار نے مبینہ جانبدار وزرا کو نگران وفاقی کابینہ سے ہٹانے کی استدعا کررکھی ہے، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو نوٹس جاری کردیا،
الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ، نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد، مشیر احد چیمہ کو بھی سماعت کیلئے نوٹس جاری کردیا۔قبل ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری کیا گیا، جس کے تحت الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 19 دسمبر سے حاصل کیے جاسکیں گے اور کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے، جس کے بعد امیدواروں کی انتخابی فہرست 23 دسمبر کو آویزاں کی جائے گی، امیدواروں کی سکروٹنی 24 سے 30 دسمبر تک کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے پر 3 جنوری تک اپیل دائر کی جاسکے گی، امیدواروں کی حتمی فہرست 11جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جنوری 2024 ہے، امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری 2024 کو جاری کیے جائیں گے، 10 جنوری 2024 کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا جب کہ عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری 2024 کو ہوگی۔
Comments are closed.