غیر قانونی مقیم سے متعلق پاکستان کا ریکارڈ بہت اچھا، مرتضیٰ سولنگی
اسلام آبا د(آن لائن)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کے حوالے سے پاکستان کا ریکارڈ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت اچھا ہے۔ ملک میں لاکھوں کی تعداد میں افغان شہری قانونی طور پر موجود ہیں جنہیں صحت، تعلیم اور کاروبار سمیت تمام سہولیات میسر ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہو ے انہوں نے کہا غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے ملک واپس بھیجنے کے حوالے سے بیرونی ممالک سے بڑی تنقید کا سامنا کر نا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 20 ہزار ایسے افغان باشندے موجود ہیں جنہوں نے امریکی اتحادی فوج کے ساتھ کام کیا۔ افغانستان میں طالبان کی حکومت 15 اگست 2021ء کو قائم ہوئی، ان کا اپنا حال یہ ہے کہ وہ ابھی تک ان 20 ہزار افغانوں کو اپنے ہاں منتقل نہیں کر سکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے ساتھ دنیا میں جو سلوک ہوتا ہے، وہ سب جانتے ہیں۔ یونان میں جب غیر قانونی تارکین وطن ڈوب رہے تھے، انہیں بچانے کوئی نہیں آیا۔ جبکہ غیر قانونی مقیم افراد کے حوالے سے پاکستان کا ریکارڈ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت اچھا ہے۔
پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں افغان شہری قانونی طور پر موجود ہیں جنہیں صحت، تعلیم اور کاروبار سمیت تمام سہولیات میسر ہیں۔ جن غیر ملکیوں کے پاس دستاویزات یا ویزے نہیں ہیں ہم نے صرف ان کو اپنے ملک واپس جانے کو کہا۔ انہوں نے کہا ہمیں یہ فیصلہ تو کرنا ہوگا کہ غیر ملکی پاکستان کے اندر کس حیثیت سے کتنی دیر قیام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا غیر ملکی افغان شہری ہوں یا کوئی اور ہو وہ ویزے کے بغیر غیر محدود عرصے تک یہاں قیام نہیں کر سکتے۔
Comments are closed.