افغان عبوری حکومت کا سینئر وفد اسلام آباد پہنچ گیا
اسلام آباد (آن لائن)افغان عبوری حکومت کا سینئر وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔ 9 سے 10 رکنی وفد کی قیادت سینئر طالبان راہنماء اور گورنر قندھار ملا شیرین اخوند کر رہے ہیں ۔ وفد میں افغان وزارت دفاع, وزارت اطلاعات اور انٹلیجنس حکام شامل ہیں۔ذرائع کے مطابقوفد دورہ پاکستان میں پاکستانی حکام سے دو طرفہ مذاکرات کرے گا۔یہ مذاکرات آج(بدھ کو ) پاک افغان جوائنٹ کوارڈنیشن کونسل کے مشترکہ اجلاس کے دوران ہوں گے۔پاک افغان جوائنٹ کوارڈنیشن کونسل کا مشترکہ اجلاس آج دارلحکومت اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔ ذرائع کے مطابق افغان عبوری حکومت کا اہم وفد پاکستان کے نمائندہ خصوصی براے افغانستان آصف درانی سے بھی ملاقات کرے گا۔افغان وفد کی دورہ پاکستان میں دفتر خارجہ و عسکری حکام سے دیگر ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفد کی مشترکہ پاک افغان مشترکہ کوارڈنیشن کونسل اجلاس اور دیگر ملاقاتوں میں پاک افغان تناؤ میں کمی پر بات ہوگی۔پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان میں موجود کالعدم گروہوں کے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر موقف اختیار کیا جائے گا, ذرائع کا کہناہے افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان میں موجود حافظ گل بہادر سمیت کالعدم دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ بھی متوقع ہے۔پاک افغان سرحدی باڑ, چمن سرحد پر ویزا فری سرحدی نقل و حمل کے امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
Comments are closed.