نگران حکومت آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد(آن لائن)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے، آزادی صحافت ایک بنیادی حق ہے، اسے کسی صورت سلب نہیں کیا جا سکتا، انتخابات کی کوریج میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات سے پاکستان آبزرور کے چیئرمین فیصل زاہد ملک نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں میڈیا، ریجنل پریس کو درپیش چیلنجز، آئندہ عام انتخابات 2024ء میں میڈیا کے کردار اور آزادی صحافت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا میڈیا امیدواروں اور ووٹرز کے درمیان پْل کا کردار ادا کرتا ہے۔خبروں کی کوریج، مباحثوں اور تجزیوں کے ذریعے میڈیا عوامی تاثرات تشکیل دیتا ہے۔میڈیا کو شواہد پر مبنی مستند معلومات کی فراہمی میں غیر جانبدارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا حکومت صحافیوں کو تربیت اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔صحافیوں نے ملک کی ترقی و استحکام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔چیئرمین پاکستان آبزرور فیصل زاہد ملک نے آزادی صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومتی عزم کو سراہا۔

Comments are closed.