چیف الیکشن کمشنر کا لاہور میں پی پی پی کے انتخابی دفتر پر حملے کا نوٹس

اسلام آباد(آن لائن)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملے کا نوٹس لے لیا۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی شکایت پر ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اس حوالے سے آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔قبل ازیں صوبائی دارالحکومت لاہور میں بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی دفتر پر پٹرول بم پھینکنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے انچارج مرکزی الیکشن سیل سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ستوکتلہ کے علاقے میں بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی دفتر پر گزشتہ روز پٹرول بم سے حملہ کیا گیا، حملہ آوروں نے بم دفتر کے گیٹ پر پھینکا، حملے کی پولیس سٹیشن کی جانب سے کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔خط میں چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی گئی ہے کہ علاقے میں کوئی بھی سکیورٹی خطرہ سنگین معاملہ ہے، آئی جی پنجاب اور سی پی او لاہور کو ہدایت کی جائے کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کرکے مجرموں کیخلاف قانون کے تحت کارروائی کریں اور علاقے میں امن قائم کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں پی پی پی الیکشن آفس پر حملے اور کراچی میں پارٹی کی کارنر میٹنگ پر فائرنگ کی مذمت کی تھی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ لاہور میں پی پی 162 کے جیالے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے الیکشن آفس کو پیٹرول بم سے نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ لاہور پولیس ستوکتلہ میں میرے انتخابی حلقے این اے 127 کے صوبائی امیدوار کے انتخابی دفتر پر حملے کی ایف آئی درج نہ کر کے غیرجانبداری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی کے ضلع ملیر گلشن بونیر میں جیالے امیدوار آغا رفیع اللہ کی کارنر میٹنگ پر گولیاں برسائی گئیں۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی کیمپ پر حملہ بزدلانہ حرکت ہے، پولیس کی طرف سے ایف آئی آر داخل کرنے سے انکار تمام راز فاش کر رہا ہے۔شازیہ عطا مری نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ تھوڑی سی سرزنش پر ڈیل کر کے ملک چھوڑ کر بھاگنے والے شکست کے خوف میں مبتلا ہیں، این اے 127 میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جیت سے مخالفین بدحواس ہو گئے ہیں۔

Comments are closed.