دال میں کچھ کالا ہے ،8 ماہ بعد چیف جسٹس بننے والا چلا گیا ہے، نواز شریف

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں سرخرو ہوا ، بے قصور ثابت ہوا اور سزا دینے والے چلے گئے ، وہ جج بھی چلا گیا جس نے آٹھ ماہ بعد چیف جسٹس بننا تھا ، اس زمانے کو واپس لانا ہے جس زمانے میں روٹی 5 روپے تھی، غریب خوشحال تھا ۔ انار کلی میں انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کبھی کبھی سوچتا ہوں عو ام مجھ سے اتنی محبت کیوں کرتے ہیں عوام سے یہ رشتہ ا یسا ہے جس پر مجھے ناز ہے،مجھے ہمیشہ اپنے عوام کی خدمت کر کے خوشی محسوس ہوئی ہے کیونکہ عوام کی خدمت کے صلے میں یہ محبت ملی ہے ،نواز شریف نے کہا کہ مجھے سزا دینے والے استعفی دے کر جارہے ہیں اور نواز شریف آپ کے سامنے کھڑا ہے ۔ مجھے سزا دینے والا جج مانیٹرنگ جج بن کر بیٹھ بھی گیا تھا ، میں سرخرو ہوا ، بے قصور ثابت ہوا اور سزا دینے والے چلے گئے ،وہ جج بھی چلا گیا جس نے 8 ماہ بعد چیف جسٹس بننا تھا ۔ چور کی داڑھی میں تنکا تھا اور دال میں کچھ کالا تھا اسی وجہ سے استعفی دے کر چلا گیا

۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ میرے دور میں 20روپے کی پانچ روٹیاں ملتی تھیں، نوجوان کے پاس روزگار تھا ، بجلی گیس سب سستا تھا ، لوڈشیڈنگ نہیں تھی ،عوام خوشحال تھی ،نواز شریف تھا تو گھروں میں سکون تھا،ہم نے اس زمانے کو واپس لانا ہے ،اپ کے گھروں کو دوبارہ بسانا ہے ، ان نوجوانوں کو روزگار دینا ہے ، سبز پاسپورٹ اور پرچم کو عزت دلوانا ہے ، ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں ۔ ہم نے بہت زخم کھائے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ آ ٹھ فروری کو آپ ووٹ کے ذریعے اپنی تقدیر دوبارہ بدلو ۔ نواز شریف نے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ میں آپ سب پر قربان ہوجاوٴں، میں نے اپنے بھائی بہن کی خدمت کی اور اس خدمت کی وجہ سے ہی میں ان کے چہروں پر محبت دیکھ رہا ہوں، اگر میں نے کچھ نہ کیا ہوتا تو آپ میری پرواہ نہ کرتے، عوام کی خدمت کے صلے میں اتنی محبت ملی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں، مزیدکھانیکی طاقت ہے نہ ہمت، جب میں حکومت میں تھا 20 روپے میں 5 روٹی ملتی تھی آج 20 روپے کی ایک روٹی ہے، وہ زمانہ کہاں چلا گیا، کون لے گیا اس زمانے کو،کیسے واپس اس زمانے کو لیکن ہم اس وقت کو واپس لائیں گے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پورا پاکستان میرا ہے اور یہ حلقہ خاص میرا ہے، مجھے اپنے ملک کو غیرت مند ملک بنانا ہے، اگر میں ہوتا تو کوئی بھی بے روزگار نا ہوتا۔بعد ازاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2013 میں نواز شریف نے الیکشن لڑا تو مہم چلانے ذمہ داری مجھ پر آئی، 2013میں اس حلقے سے نواز شریف ریکارڈ لیڈ سے جیتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ 2017 میں بیٹے سے تنخوانہ نہ لینے پر ایک شرمناک واقعہ پیش آیا، لیکن آپ لوگوں نے ساتھ نا چھوڑا، 2018 میں جب نواز شریف کو نااہل کیا گیا تو یہاں سے ان کا ایک ورکر کھڑا ہوا اور ان کو بھی آپ لوگوں نے جتوایا تو مجھے یہاں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں،مریم نواز نے مزید کہا کہ اپنی خاطر نہیں صرف قوم کی خاطر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں کہ قوم اس وقت مسائل سے دو چار ہے، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، نواز شریف قوم کا خدمت گزار ہے نواز شریف جب آتا ہے تو مہنگائی کم ہوتی ہے ملکی ترقی کرتا ہے آٹا سستا ہوتا ہے۔ہمارا کسی سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں، ہم نومئی والے نہیں 28 مئی والے لوگ ہیں دونوں تاریخوں میں بڑی تاریخ موجود ہے، جو ظلم اور جبر زیادتی ہمارے ساتھ ہوئی وہ کسی کے ساتھ نہیں ہوئی، اگر ہم آج بھی الیکشن لڑنا چاہتے ہیں تو صرف قوم کی خاطر، تکلیف ہے تو صرف مہنگائی کی، بجلی کے زائد بلوں کی، لاہور میں پانچ سال گھس بیٹھیے آئے جنہوں نے لاہور کو تباہ کردیا۔مریم نواز نے کہا کہ جب ہماری حکومت تھی تو لاہور میں ہر سال نیا منصوبہ آتا تھا اب یہاں کا کوئی پرسان حال نہیں، عوام مجھے سے وعدہ کریں کہ انتخابات میں کوئی گھر میں نہیں بیٹھے گا اور نواز شریف کو ووٹ ڈالیں گے۔

Comments are closed.