پاکستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال ، تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد ( آن لائن ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نواز رکھاہے ،سمندر ی و سمندر سے باہر تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم نے اسلام آباد میں پیٹرولیم کانفرنس 2024 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیف آف آرمی سٹاف، جنرل سید عاصم منیر کانفرنس کانفرنس میں اعزازی مہمان خصوصی شریک تھے ۔نگران صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیر توانائی، سیکرٹری پٹرولیم، حکومتی نمائندوں، پالیسی سازوں، توانائی اور پٹرولیم سیکٹر کے غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی مندوبین نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ انہوں نے سمندر کے اندر اور سمندر سے باہر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت انفراسٹرکچر کی ترقی، لاجسٹکس اور سیکیورٹی کے شعبوں میں کردارادکرنے کو تیار ہے تاکہ تلاش و پیداوار کیلئے کوششوں کو تقویت مل سکے ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان کی بے پناہ معدنی صلاحیت کو بھرپور اندار میں استعمال میں لانے کیلئے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے، تاکہ توانائی کے شعبہ میں خود کفالت کو یقینی بنایا جا سکے اور ملک کو توانائی کے علاقائی برآمد کنندہ کے طور پر تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) اور وفاقی وزارت توانائی کو سرمایہ کار دوست ماحول کو فروغ دینے کیلئے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کو ہموار کر نے پر انکی تعریف کی ۔ کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی کے کنٹری منیجر علی طحہٰ التمیمی نے اس موقع پر پالیسی سفارشات مرتب کرنے اور پیٹرولیم کے شعبے میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کو یکجاکرنے میں حکومت پاکستان کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔۔۔

Comments are closed.