مناظر ے کی دعوت دینے والے پہلے پنجاب کی ترقی دیکھ لیں ،شہباز شریف

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک جماعت کے رہنما کی جانب سے مناظرے کی بڑی بات کی جاتی ہے ،مناظر ے کی دعوت دینے والے پہلے پنجاب کی ترقی دیکھ لیں ،جن کے صوبے میں بچوں کو داخلہ ملنا تو دور کی بات ہے سکول اور ان کی چھتیں نہیں ہیں میں ان کے ساتھ مناظرہ کروں ؟،عوام 8فروری کو شیر کو کامیاب کرائیں نواز شریف کی قیادت آپ کی خدمت میں دن رات ایک کر دیں گے،ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف اور ہماری 16ماہ کی حکومت کے ادوار میں کرپشن کم جبکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کرپشن اوپر گئی ۔ انتخابی مہم کے سلسلہ میں پی پی 172میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اس بارش میں بھی آپ کا پرجوش مجمع گواہی دے رہا ہے کہ 8 فروری کا سورج نواز شریف، مسلم لیگ (ن) ، پاکستان اورآپ کا سورج ہو گا ،میرا وعدہ ہے کہ اگر ہم کامیاب ہوئے تو نوجوانوں کو دوبارہ میرٹ پر لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کا بڑا حوالہ دیتے تھے ،لیکن اب ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ آئی ہے جس میں سب کچھ واضح ہے ،نواز شریف اور ہمارے 16ماہ کے ادوار میں کرپشن کم ہوئی جبکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن اوپر گئی ،ہماری حکومت میں وہ جماعتیں بھی تھیں جو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بھی تھیں،یہ سوال ذہن میں آتا ہے کہ جنہوں نے ہمیں اعتماد کا ووٹ دیا تو اس دور میں کرپشن کیسے کم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 13 جماعتوں کی حکومت چلانا آسان نہیں ،میں میرٹ والا بندہ ہوں۔لاہور میں20 ارب کے پی کے ایل آئی کو برباد کر دیا گیا ،نواز شریف کے دور کے تمام ترقیاتی کاموں کو ختم کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال پہلے مال روڈ پر ایک سڑک کی تعمیر کے حوالے سے میرے منہ سے فقرہ نکل گیا کہ میں لاہور کو پیرس بنا دوں گا ،اس پر مجھے مذاق کا نشانہ بنایا گیا ،لیکن آپ بتائیں کہ کیا لاہور پیرس جیسا بنا کہ نہیں ،لیکن پھر لاہور کو برباد کر دیا گیا ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رات کو دو بجے کوڑا کرکٹ اٹھاتی تھی سڑکیں دھوتی تھی ، اگر 8 فروری کو آپ نے نواز شریف کو کامیاب کروایا تو ایک بار پھر لاہور کی تمام گلیوں کی دوبارہ صفائی ہوا کرے گی،ہسپتالوں میں غریبوں اور یتیموں کو مفت ادویات ملیں گی ، سی ٹی سکین اور دیگر ٹیسٹ مفت ہوا کریں گے،ذہانت اور قابلیت کی بنیاد پر پورے پاکستان کے بچوں کو لیپ ٹاپ اور وظائف دیں گے ۔اب کی بار نواز شریف کا منصوبہ نوجوان نسل کو آئی ٹی، سکلڈ ڈویلپمنٹ، ووکیشنل ایجوکیشن دینے کا ہے تاکہ سب کو عزت والا روزگار ملے ۔ ہمارے پاس تیل اور گیس نہیں لیکن یہ نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہے ،پاکستان کا اثاثہ ہے ،وعدہ کرتا ہوں جان لڑا دیں گے اوران بچوں اور بچیوں کو پاکستان کے عظیم سپوت بنائیں گے۔

Comments are closed.