حکومت نے الیکشن کی کوریج کے لیے میڈیا کمپلین ایپلی کیشن لانچ کردی

اسلام آباد (آن لائن) نگران وفاقی حکومت نے 8 فروری کو ملک میں ہونے والے الیکشن کی کوریج کے لیے میڈیا کمپلین ایپلی کیشن لانچ کردی، نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی نے ایپلی کیشن کا افتتاح کیا۔وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نے الیکشن 2024ء کی کوریج کے لئے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں اور میڈیا پرسنز کی سہولت کے لئے میڈیا کمپلین ایپلی کیشن کا افتتاح کیا، اس ایپلی کیشن کے ذریعے آن لائن شکایات درج کرانے میں مدد ملے گی اور صحافی مسائل کی فوری اورموثر رپورٹنگ کرسکیں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ موجودہ دور ڈیجیٹل ہے، ہمیں اپنی کارکردگی بہتر کرنا ہے، میڈیا کمپلینٹ پلیٹ فارم کسی بھی برائزر کے ذریعے استعمال کیا جا سکے گا، شکایات کے فوری ازالے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، ضابطہ اخلاق سے متعلق شکایات کا ازالہ ہوگا، یہ ایپلی کیشن صرف الیکشن کے لئے تیار کی گئی ہے، الیکشن کے بعد اس کو جاری رکھنے پر غور کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت نگراں حکومت وجود میں آئی، حکومت نے انتخابات کے عمل میں الیکشن کمیشن کی ہرطرح سے مدد کی، انتخابات سے صرف 2 دن دور ہیں اور 8 فروری کو 12 کروڑسے زائد پاکستان کے عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی آئی ڈی کے تمام دفاتر میں الیکشن سیل قائم کیے جارہے ہیں، نگراں حکومت نے انتخابات کے انعقاد کے لیے بھرپور کام کیا ہے، نگراں حکومت الیکشن کمیشن کی معاونت کررہی ہے، انتخابات میں عوام حق رائے دہی استعمال کرکے نئی حکومت منتخب کریں گے، ملک کو صرف منتخب نمائندے ہی چلائیں گے۔

Comments are closed.