نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،پر امن اور شفاف انتخابات پر اظہار اطمینان،افواج پاکستان سمیت تمام اداروں کو خراج تحسین پیش
اسلام آباد ( آن لائن ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،پر امن اور شفاف انتخابات پر اظہار اطمینان،افواج پاکستان سمیت تمام اداروں کو خراج تحسین پیش،وزارتِ دفاعی پیداوار کی سفارش پر ایئر کموڈور محمد عاطف ہاشم کی بطور ممبر ٹیکنیکل پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس بورڈ میں تعیناتی کی منظوری، فیصلے کا نفاذ 19 جولائی 2023 سے ہوگا،نادرا کے آڈٹ کے لیے اے کیٹگری فرم کی خدمات کے حصول کیلئے اوپن بڈنگ کی بھی منظوری دے دی گئی ،وفاقی کابینہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں CDA ملازمین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی پالیسی پیش کردی گئی، پرائیوٹائیزیشن کمیشن کے 7 فروری 2024 کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق موٴخر کردی گئی ۔ نگران وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ نادرا کے آڈٹ کو مزید موثر و شفاف اور بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے ضروری ہے کہ اسٹیٹ بینک میں کیٹگری اے میں رجسٹرڈ تمام آڈٹ فرمز کو نادرا کے آڈٹ کے لیے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں جس پر وفاقی کابینہ نے نادرا کے آڈٹ کیلئے اے کیگٹری فرم کی خدمات کے حصول کیلئے اوپن بڈنگ کی بھی منظوری دے دی ۔ اس فیصلے سے وفاقی کابینہ کے 2019 میں کیے گئے فیصلے میں ترمیم کی گئی جس کے مطابق NADRA کے آڈٹ کے لیے صرف چار بڑی و معروف آڈٹ فرمز کی خدمات حاصل کی جاسکتی تھیں۔وفاقی کابینہ نے وزارتِ دفاعی پیداوار کی سفارش پر ایئر کموڈور محمد عاطف ہاشم کی بطور ممبر ٹیکنیکل، پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس بورڈ میں تعیناتی کی منظوری دے دی فیصلے کا نفاذ 19 جولائی 2023 سے ہوگا۔وفاقی کابینہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی سفارش پر ”سائبر سکیورٹی فار ڈیجیٹل پاکستان“ کے منصوبے کو بطور ”قومی کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم(nCERT)“ نامزد کرنے کی بھی منظوری دے دی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ سائبر سکیورٹی فار ڈیجیٹل پاکستان کا منصوبہ قومی ترقیاتی بجٹ میں شامل اور اس پر کام پہلے سے جاری ہے۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں CDA ملازمین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی پالیسی پیش کی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق CDA کو اس بات کا تعین کرنا تھا کہ ملازمین کو رعایتی نرخوں پر دینے سے CDA کی آمد ن میں کیا فرق آئے گا جس پروزیراعظم نے ہدایت کی کہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں قیمتی زرعی اراضی کا استعمال کرنے کی بجائے عمودی عمارتوں کی تعمیر پر توجہ دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گھر مہیاہوسکیں اور جلد از جلد اس ضمن میں پالیسی وضع کی جائے۔ کابینہ نے الاٹمنٹ کی پیش کردہ پالیسی پر فیصلہ موٴخر کردیا۔ دریں اثناء وفاقی کابینہ نے وزارتِ امور کشمیر و گلگت بلتستان کی سفارش پر Adaptation Act کے سیکشن 5(2) میں ترمیم کرنے کی منظوری دے دی۔ اس ترمیم کے تحت اس سیکشن میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کی جگہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے الفاظ کا استعمال کیا جائے گا تاکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے موبائل فون نیٹ ورک اسپیکٹرم کی لائسنس فیس اور Renewal فیس آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کو منتقل کی جاسکے۔ وفاقی کا بینہ نے کابینہ کمیٹی برائے پرائیوٹائیزیشن کمیشن کے 7 فروری 2024 کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق موٴخر کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 31 جنوری اور 7 فروری 2024کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔
Comments are closed.