حکومت سازی ،مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان اور جے یو آئی ف سے تعاون مانگ لیا

لاہور(آن لائن )مسلم لیگ ن نے عا م انتخابات کے بعد مرکز میں حکومت سازی کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان اور جے یو آئی ف سے تعاون مانگ لیا ہے ،ایم کیو ایم پاکستان ،مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنے کو تیار ہوگئی ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے ایک روز کا وقت مانگتے ہوئے معاملات آج (پیر کو )اپنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،مولانا فضل الرحمان نے بھی مجلس عاملہ اور امراء اجلاس میں مشاورت کا وقت مانگ لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت سے پہلا باضابطہ رابطہ کیا ہے ۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف پاکستان پیپلزپارٹی سے حکومت سازی میں تعاون کیلئے بلاول ہاوٴس پہنچ گئے۔

صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف کے درمیان حکومت سازی پر بات چیت کی گئی ۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان، مریم اورنگزیب اور شزا فاطمہ شامل تھے ۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت نے ن لیگ کو جواب دیا ہے کہ حکومت سازی میں تعاون کے حوالے سے آپ کی پیش کش پر آج (پیر کو ) سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں تبادلہ خیال ہوگا۔ ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بلاول ہاوٴس میں ملاقات ہوئی ۔ دونوں جماعتوں میں سیاس تعاون پر اصولی اتفاق رائے ہوگیا ہے ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ قائدین نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کے لئے سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں نے صورتحال پر مشاورت کی اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا

۔پی پی پی قیادت نے جواب دیا کہ مسلم لیگ ن کی تجاویز کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سامنے رکھیں گے، اس موقع پر قائدین کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے، مسلم لیگ ن کے وفد میں اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان، مریم اورنگزیب اور شزا فاطمہ شامل تھیں ۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے چوبیس گھنٹوں میں مولانا فضل الرحمان سے دوسرا رابطہ کیا ۔ٹیلی فونک بات چیت میں دونوں رہنماوٴں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ حالیہ انتخابات اور ملنے والے نتائج پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے مرکز میں حکومت سازی سے متعلق بھی مولانا فضل الرحمان کا اعتماد میں لیا۔مولانا فضل الرحمان نے انتخابات کے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا ۔مولانا فضل الرحمان نے مجلس عاملہ اور امراء اجلاس میں مشاورت کا وقت مانگ لیا ۔ بدھ کو مجلس شوری میں مشاورت کرکے آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔قبل ازیں لاہور میں ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے قائد ن لیگ نوازشریف اور شہبازشریف سے ملاقات کی تھی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم حکومت سازی کے عمل میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دے گی اور دونوں جماعتیں مل کر چلنے کو تیار ہیں ۔۔

Comments are closed.