اسلام آباد کی تینوں نشستوں سے متعلق کیسز کی سماعت کے لیے الیکشن ٹریبونل قائم
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تینوں نشستوں سے متعلق کیسز کی سماعت کے لیے الیکشن ٹریبونل قائم کردیا گیا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمور جہانگیری کو الیکشن ٹربیونل نامزد کر دیا گیا ، چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن ٹریبونل کی نامزدگی کی منظور دے دی۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے نامزدگی الیکشن کمیشن کو بھیجوا دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے تینوں حلقوں این اے 46، 47اور 48کے انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستیں ہدایات کے ساتھ نمٹادی تھیں، اسلام آباد ہائیکورٹ میں حلقہ این اے 46، 47اور 48کے انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔عدالت نے معاملہ الیکشن کمیشن کے حوالے کرتے ہوئے ہدایت جاری کر دیں۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے 3حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی جانب سے جاری کردہ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن میں درخواستیں زیرالتوا ہوتے ہوئے ہائیکورٹ کی مداخلت مناسب نہیں۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن واپس لینے کی استدعا کی جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن درخواستوں پر فیصلہ کرے گا، وکیل نے کہا کہ فیصلے کے مطابق قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔فیصلے میں کہا گیا کہ مناسب رہے گا کہ الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کی درخواستوں پر فیصلہ کرے۔عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس سے قبل درخواستوں پر فیصلہ کرے۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ درخواستیں منظور ہونے کی صورت میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکیشنز واپس لئے جائیں۔
Comments are closed.