الیکشن میں دھاندلی کے الزامات سے متعلق سابق کمشنر راولپنڈی نے یوٹرن لے لیا

اسلام آباد ( آن لائن) الیکشن میں دھاندلی کے الزامات سے متعلق سابق کمشنر راولپنڈی نے یوٹرن لے لیا ،نیا بیان جمع کروادیا،تحریک انصاف کے بھکانے پر اپنا بیان دیا،جو صریحاً غیر ذمہ دارانہ عمل اور غلط بیانی تھی،چیف جسٹس کیخلاف بیان بھی عوام میں بداعتمادی پھیلانے کیلئے دیا، یہ سب پی ٹی آئی کے ساتھ ملی بھگت سے کیا، تمام بیوروکریسی کے سرکل اور قوم سے معافی مانگتا ہوں ،میں نے ایک مخصوص سیاسی جماعت کے ایک بڑے عہدیدار کے ساتھ قریبی تعلقات بنائے تاکہ مستقبل میں کام آ سکیں،میں اپنے تمام قول و فعل کی مکمل ذمہ داری لیتا ہوں

،اپنے آپ کو کسی بھی قانونی کاروائی کے لیے سرنڈر کرتا ہوں۔ لیاقت علی چٹھہ نے الیکشن کمیشن کو تحریری بیان جمع کرواتے ہوئے کہا کہ پنڈی ڈویژن میں الیکشن ڈیوٹی سرانجام دینے والے کسی بھی ریٹرننگ افسر کو کسی کی حمایت یا انتخابی عمل میں مداخلت کا حکم نہیں دیا جھوٹی پریس کانفرنس کرنے پر شرمندہ ہوں، پی ٹی آئی رہنما کی ملی بھگت کیساتھ پریس کانفرنس کی تھی چیف جسٹس کیخلاف بیان بھی عوام میں بداعتمادی پھیلانے کیلئے دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کے بہکانے پر اپنا بیان دیا جو صریحاً غیر ذمہ دارانہ عمل اور غلط بیانی تھی، قوم سے معافی چاہتا ہوں۔ میں 9 مارچ کو ریٹائر ہو رہا تھا اور اپنے مستقبل اور سرکاری مراعات کے چھوٹنے کی وجہ سے پریشان تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے الیکشن کے بعد دورانِ ملازمت پنجاب گورنمنٹ میں بہت سے اہم عہدوں پر فائز رہا۔ خصوصاً پروونشل سیکرٹری پنجاب کے اہم عہدے پر تعیناتی کے دوران میں نے ایک مخصوص سیاسی جماعت کے ایک بڑے عہدیدار کے ساتھ قریبی تعلقات بنائے تاکہ مستقبل میں کام آ سکیں-

پی ٹی آئی کا یہ عہدیدار9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کی وجہ سے مفرور ہوگیا تاہم میرا اس سے رابطہ رہتا تھا اور میں اسکی خفیہ مدد بھی کرتا تھا۔ 11فروری کو میں نے خفیہ طور پر لاہور جا کر پی ٹی آئی کے اس رہنما سے ملاقات کی جہاں انہوں مجھے الیکشن 2024 کو دھاندلی زدہ ثابت کرنے کے منصوبے پر کام کرنے کیلئے کہا اور اسکے صلے میں مجھے مستقبل میں اعلیٰ عہدے کا وعدہ کیا۔واضح رہے کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے کمشنر کو بیان دینے کے لئے گزشتہ روز نوٹس بھیجا تھا۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے راولپنڈی ڈویژن کے 6 ڈی آر اوز اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے آراوز کے بیانات ریکارڈ کیے تھے جبکہ پیمرا نے سابق کشمنر راولپنڈی کی پریس کانفرنس کا ٹرانسکرپٹ بھی الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔ڈی آراوز اور آر اوز کی جانب سے بیانات میں دباوٴ اور دھاندلی کے الزامات کو مسترد کیا گیا اور کہا گیا کہ حلقوں میں انتخابات کے لیے پرامن، صاف اور شفاف پولنگ ہوئی۔واضح رہے کہ 17 فروری کو سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہو گئے تھے اور خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا

Comments are closed.