پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ منتخب
کراچی (آن لائن)پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ منتخب ہوگئے۔اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے نادر مگسی جو جیپ ریلی میں شرکت کی وجہ سے حلف نہیں لے سکے تھے، ان کا حلف لیا گیا۔پولنگ شروع کرنے سے قبل اراکین اسمبلی کو بلانے کیلیے 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں۔قبل ازیں، مراد علی شاہ ایوان میں پہنچے، اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔قاعدے کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے، پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جو اب سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں، نے انتخاب میں حصہ نہیں لیا ۔
پی ٹی آئی کے آزاد ارکان نے ایوان میں احتجاج کیا۔ انہوں نے اسپیکر ڈائس کے سامنے آکر دھاندلی زدہ الیکشن نا منظور کے نعرے لگائے۔ رائے شماری میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ ایک بار پھر وزیراعلیٰ سندھ منتخب ہوگئے۔ مجموعی طور پر 148 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔ مراد علی شاہ 112 جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے امیدوار علی خورشدی 36 ووٹ لے سکے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اپنی نشست پر بیٹھنے کی ہدایت کی۔جماعت اسلامی اور آزاد امیدواروں نے ایوان میں شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کرتے رہے۔سندھ اسمبلی کا ایوان 168 ارکان پر مشتمل ہے، 158 نومنتخب ارکان حلف اٹھا چکے، پیپلز پارٹی کے 112، ایم کیو ایم کے 36 ارکان نے حلف لیا، 9 آزاد ارکان اور جماعت اسلامی نے وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا۔گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے سید اویس شاہ اسپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے۔ پیپلزپارٹی کے سید اویس شاہ اسپیکر منتخب ہوگئے۔
Comments are closed.