ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ،مریم نواز کو وزیراعلیٰ تسلیم نہیں کرتے ،اسد قیصر
اسلام آباد(آن لائن) تحریک انصاف کے رہنماء اسد قیصر نے کہا ہے کہ مریم نواز نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہے ان کو وزیراعلیٰ تسلیم نہیں کرتے ،پنجاب میں مینڈیٹ کو چوری کر کے مریم نواز وزیر اعلیٰ بنیں،افسوس اس بات پر ہے کہ ان کی کابینہ بھی جعلی ہو گی،منگل کے روز سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے ملاقات کی
،دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی صورتحال اور عام انتخابات کے نتائج کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ الیکشن پاکستان کی تاریخ کا دھاندلی زدہ الیکشن ہے۔8 فروری کو ہونے والے الیکشن پر تمام جماعتوں کو تشویش ہے،فارم 45 کے مطابق ہماری سیٹیں ہمیں نہیں دی جا رہیں، ہم اپنے حق کیلئے پرامن جدوجہد کر رہے ہیں، پاکستان میں شفاف الیکشن اور آئین کی سربلندی کیلئے اکھٹے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ الیکشن کے بعد جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور اخترمینگل سمیت دیگر جماعتوں سے بھی ہماری بات چیت ہوئی ہے، تمام لوگ ہمارا ساتھ دینے کو تیار ہیں، ملک میں آئین کی بالادستی ہو گی تومسائل حل ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا توہماری بات بھی نہیں سنی جارہی ہے۔اس موقع پر اختر مینگل نے کہا کہ پاکستان میں کئی الیکشن گزرے ہیں جو متنازع ہوئے یہ انتخابات منفرد ہیں جس کے نتائج اب بھی آ رہے ہیں، ملک ایسے نہیں چل سکتا، بلوچستان میں دھاندلی کیخلاف چار جماعتوں کا اتحاد ہے، دھاندلی جیسے مسئلے کا مستقل حل ہونا چاہیے، اگر تمام جماعتیں سمجھتی ہیں کہ یہ الیکشن درست نہیں تو اس کا کوئی حل نکالیں گے، میری کوشش ہے کہ تمام جماعتیں ملکر اس مسئلے کا حل نکالیں، پین ریلیف یا پین کلر کی بجائے جنرل سرجری سے اس مرض کا خاتمہ ہو گا
Comments are closed.