پنجاب حکومت کا 30 ارب روپے مالیت کا ”نگہبان“ کے نام سے رمضان پیکیج تیار
لاہور (آن لائن) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت دربار ہال سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا، چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر،چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہیلتھ، سیکرٹری خزانہ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو محکموں کے افعال کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں پرویز رشید،ارکان اسمبلی مریم اورنگزیب ، عظمی بخاری، ثانیہ عاشق، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت سیکرٹریز بھی موجود تھے۔پنجاب حکومت کی جانب سے30 ارب روپے مالیت کا رمضان پیکیج تیارکرلیا گیا ہے، پنجاب حکومت نے رمضان پیکیج کو نگہبان رمضان کا نام دیا ہے،لاہور اور پنجاب میں 67لاکھ سے زائد راشن بیگ گھروں کی دہلیز تک پہنچیں گے۔ لاہور میں 4 لاکھ 80 ہزار راشن بیگ دئیے جائیں گے۔راشن میں 10 کلو آٹا ،2 کلو چینی،اور 2 کلو گھی ،2 کلو چاول اور دو بیسن شامل ہوگا۔ صوبائی محکموں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو رمضان پیکیج پر ابتدائی بریفنگ دے دی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی اور پولیو سے بچاوٴ پر توجہ دی جائے،عوام کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہونی چاہیے،مالیاتی امور میں شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔صحت اور دیگر شعبوں میں عوامی افادیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کے جذبے سے سر شار ،دیانتدار افسروں کو سیلوٹ کرتی ہوں۔ میرٹ کی خلاف ورزی نہ کروں گی نہ ہونے دوں گی،کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہوگی۔ عوام کے مسائل کا فوری حل چاہیے، سٹرکچر ل ریفارم کرنی ہوگی،مسائل کی جڑ تک پہنچ کر ختم کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ افسر اور ملازمین میری ٹیم ہیں،کام کرنے والوں کو سپورٹ کیا جائے گا،عوام کی خدمت مشن کی تکمیل کے لئے اچھی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ سول سرونٹ محب وطن اور خدمت کے جذبے سے سر شار ہیں،احتساب، شفافیت ،کوالٹی ورک اور ٹائم ورک ریڈ لائن ہیں۔کام کرنے والوں کا احترام کرتی ہوں۔
Comments are closed.