آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، نواز،شہباز

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاوٴس پہنچے،جہاں اس موقع پر انہوں میڈیا سے مختصر غیر رسمی گفتگو میں تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلی کے معاملے پر آئی ایم ایف کو لکھے جانے والے خط پر بات کی اور کہا کہ کوئی سیاسی جماعت ایسے خط نہیں لکھ سکتی، ایسے خط وہ لکھ سکتے ہیں یہ ان کا وطیرہ ہے، یہ خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے ،اس خط سے آپ خود ہی نتیجہ اخذ کرلیں۔

اسی طرح قومی اسمبلی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد امیدوار شہبازشریف نے کہا کہ سائفر کے بعد تحریک انصاف نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ثابت کردیا یہ ملک کوبرباد کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے پر اظہار مذمت کرتے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کو سبوتاژ کرنے کے لیے تحریک انصاف نے خط لکھا، سائفر کے بعد آئی ایم ایف خط سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ چاہتے ہیں خدا نخواستہ پاکستان برباد ہو جائے۔

Comments are closed.