مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کو منانے اس کے گھر پہنچ گئے،مولانا نے تحفظات پیش کردیئے

اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کو منانے اس کے گھر پہنچ گئے ،مولانا نے موجودہ انتخابات سمیت دیگر معاملات پر اپنے تحفظات پیش کردئیے ،دونوں رہنماؤں کے مابین ون ٹو ون ملاقات مولانا کے گلے شکوے۔جمعہ کے روز مسلم لیگ ن کے سربراہ ایک وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے اس موقع پر میاں نواز شریف کے ہمراہ وفد میں رانا ثنا اللہ ، احسن اقبال، ایاز صادق، سعد رفیق اور اسحاق ڈار جبکہ جے یوآئی کی جانب سے مولانا عبدالغفور حیدری، حاجی غلام علی ، اسلم غوری ، نور عالم خان اور عثمانی بادینی بھی موجود تھے اس موقع پر قائد مسلم لیگ ن اور جے یوآئی سربراہ کے مابین ون ٹو ون بات چیت بھی ہوئی ۔

بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہاکہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات اچھی رہی ہے اورملاقات میں تمام قومی معاملات زیر غور لائے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ جے یوآئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میاں نواز شریف کو اپنے موقف سے آگاہ کیا ہے انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان ہمارے رہنما ہیں ہم نے سخت وقت گزارا ہے ہمیں مولانا فضل الرحمان سے ہمیشہ رہنمائی ملتی رہی ہے ہماری کوشش ہے وہ ہمارے ساتھ رہیں گے انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف مولانا فضل الرحمان سے ووٹ مانگنے کی نیت سے نہیں آئے تھے ملاقات میں ملک کو درپیش سیاسی صورتحال پر بات ہوئی ہے اور دونوں رہنما ملاقات میں پاکستان کی بہتری کے لئے کسی نتیجہ پر پہنچیں ہوں گے

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ بہت شفیق ہیں انہیں ہم کہیں جانے نہیں دیں گے مولانا فضل الرحمان کی ہم سے کوئی ناراضگی نہیں ہے انہوں نے کہاکہ محمود خان اچکزائی ایک معتبر اور محب وطن سیاست دان ہیں اس کو بھی ساتھ جوڑیں گے انہوں نے کہاکہ جو احترام میاں نواز شریف کی نظر میں مولانا کا اور مولانا کی نظر میں نواز شریف کا ہے وہ مثالی ہے اور ہمیشہ دونوں نے ایک دوسرے کی بات مانی ہے۔

Comments are closed.