9مئی والے نہ بدلے ہیں نہ بدلنے والے ہیں ، مریم اورنگزیب

اسلام آباد ( آن لائن ) مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ 9مئی والے نہ بدلے ہیں نہ بدلنے والے ہیں ،یہ جتنی بدتمیزی اور ہنگامہ آرائی کرلیں ہم اپنا کام جاری رکھیں گئے ،شہباز شریف نے آج ایوان میں جو اپنا ویژن دیا ہے اسے مکمل کرینگے ،ترقی کا سفر جہاں سے روکا تھا وہیں سے شروع کرینگے ،شہباز شریف ملکی ترقی کیلئے اکٹھے چلنے کا کہتے ہیں تو یہ فتہ بازی شروع کردیتے ہیں ،انہیں آج بھی تکلیف ہے کہ کہیں ملک ترقی نہ کرسکے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پھر 9 مئی والے ایوان میں پہنچ گئے تھے، 9 مئی والوں نے پارلیمنٹ کے اندر حملہ کیا ہے، آج بھی 2013 کا رویہ اور ذہنیت دیکھی گئی، پاکستان تحریک انصافی کی سوچ نے نوجوانوں کو بدتمیزی سکھائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت کی تھی، ہم نے تو ملک دشمنی نہیں کی مگر انہیں خوف ہے مسلم لیگ (ن) آگئی ہے تو کہیں ملکی حالات اچھے نہ ہوجائیں، انہیں تکلیف ہے کہ ملک کہیں ترقی نہ کر جائے، انہوں نے تو ساڑھے 4 سال صرف عوام کو لوٹا ہے۔مریم اورنگزیب نے دریافت کیا کہ کیا خیبرپختونخوا میں دھاندلی نہیں ہوئی؟ انہوں نے دھاندلی کا شور مچاکر ملک میں تماشہ لگایا ہوا ہے،

اگر کوئی شکایت ہے تو الیکشن کمیشن جائیں، الیکشن کمیشن جاکر کہتے ہیں ثبوت چاہیے تو ٹی وی سے لیں، یہ اسی طرح شور مچاتے،پیٹتے رہیں گے، یہ جہاں جیتے وہاں الیکشن شفاف تھے اور جہاں ہارے وہاں دھاندلی کے الزام لگائے، عوام نے انہیں پارلیمان بھیجا لیکن ان کے نصیب میں وہاں بیٹھنا نہیں کھڑا ہونا لکھا ہے۔سابق وزیر نے کہا کہ شہبازشریف نے انہیں مل بیٹھنے کی دعوت دی مگر یہ انتشار پسنداور فتنہ پھیلانے والے لوگ ہیں، یہ لوگ ملکی ترقی نہیں چاہتے، انہیں 9 مئی کا بہانہ چاہیے، یہ چاہتے ہیں ملکی ترقی رک جائے.ان کا کہنا تھا کہ آج اللہ کے کرم سے شہباز شریف کے وزیراعظم کا انتخاب ہوا، پارلیمان کے اندر تمام اتحادیوں نے شہباز شریف کو ووٹ دیا، شہبازشریف نے ایوان میں اپنا وژن دیا ہے اور تمام اتحادی مل کر اسے مکمل کریں گے، پاکستان کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ شہباز شریف پنجاب کے بعد یہاں خدمت کریں گے، شہباز شریف نے پہلے بھی پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے، انہوں نے پہلے بھی اپنی سیاست کو داوٴ پر لگا کر ملک کو سری لنکا بننے سے بچایا، ملک کی ٹرانسپورٹ، سڑکیں، اور بجلی کے منصوبوں پر پنجاب میں انتھک محنت کی۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اتحادی حکومت پہلے بھی 16 ماہ اکھٹی رہی ہے، ہمارا مقصد تھا 16 ماہ میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہے۔

Comments are closed.