سید یوسف رضا گیلانی وفاقی دارلحکومت کی نشست پر 204 ووٹ لیکر سینیٹر منتخب ہوگئے
اسلام آباد(آن لائن) سید یوسف رضا گیلانی وفاقی دارلحکومت کی نشست پر 204 ووٹ لیکر سینیٹر منتخب ہوگئے ،ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے چوہدری الیاس مہربان نے 88 ووٹ حاصل کئے جبکہ 9ووٹ مسترد ہوئے ،پیپلز پارٹی نے صدر اور وزیر اعظم کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی جے یوآئی کو بھی راضی کر لیا ،ایوان میں جئے بھٹو کے نعرے لگ گئے ۔جمعرات کے روز قومی اسمبلی ہال میں وفاقی دارلحکومت سے سینیٹر کے انتخاب کیلئے پولنگ صبح 9بجے شروع ہوئی سب سے پہلے ووٹ جے یوآئی کے رکن اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے پول کیاجس کے بعد مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی ،ایم کیو ایم ،سنی اتحاد کونسل اور جے یوآئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کرنا شروع کردئیے پولنگ کے آغاز کے موقع پر ایوان میں حالات پرسکون رہے اور کسی بھی سائیڈ سے نعرے بازی نہیں ہوئی تاہم وزیر اعظم شہباز شریف کی آمد اور ووٹ کاسٹ کرنے کے موقع پر ایوان سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ایوان میں چور چور کے نعرے لگائے جس پر دونوں جانب سے نعرے بازی شروع ہوگئی بعدازاں سنی اتحاد کونسل کے ایک رکن اسمبلی کی جانب سے ووٹ کاسٹ کرنے کے موقع پر بانی چیرمین پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کی وجہ سے ایک بار پھر ماحول گرم ہوگیا اور دونوں اطراف سے گھڑی چور اور مینڈیٹ چور کے نعرے لگائے گئے مقررہ وقت تک پولنگ کے اختتام پر قومی اسمبلی ہال کے دروازے بند کردئیے گئے اور ووٹوں کی گنتی شروع کی گئی جس کے بعد ریٹرننگ آفیسر ظفر اقبال نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مجموعی طور پر 301ووٹ پول ہوئے جس میں سنی اتحاد کونسل کے چوہدری الیاس مہربان کو 88ووٹ جبکہ سید یوسف رضا گیلانی کو 204ووٹ ملے جبکہ 9ووٹ مسترد ہوئے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے نتائج کے اعلان کے ساتھ ایوان جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا اور کافی دیر تک نعرے بازی ہوتی رہی اس موقع پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے موجود اراکین کی جانب سے سید یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد دی گئی۔۔۔۔۔۔اعجاز خان
Comments are closed.