وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگا کر ملک گیر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد( آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگا کر ملک گیر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا،پودالگانے کی تقریب میں وفاقی وزراء سمیت پرائم منسٹر ہاؤس کے سٹاف و دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری گزشتہ حکومت کا ہدف 24 کروڑ درخت لگانے کا تھا ہم اس سال درخت لگانے کی تعداد دگنی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔شجر کاری کی اس مہم کو پورے پاکستان میں پھیلانے کیلئے بھرپور کوششیں کی جانی چاہئیں۔پاکستان دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ موسمیاتی خطرات کا شکار ملک ہے

، موسمیاتی تبدیلی سے ملک پاکستان کی معیشت اور معاشرت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ پاکستان میں کل رقبے کے تناسب میں جنگلات صرف 5 فیصد ہیں۔جس کی وجہ سے معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہواہے اسلئے ضروری ہے تعلیمی اداروں میں اس خطرے کی آگاہی کو یقینی بنایا جائے اور شجرکاری مہم پورے پاکستان میں پھیلانے کی کوششیں کی جانی چاہئیں۔ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر پاکستانی قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنے آنے والی نسلوں کی بقاء کیلئے عوام شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ رہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو چاہیے کہ ملک کو ماحولیاتی خطرات سے بچانے اور صحت مند ماحول مہیا کرنے کے لئے شجر کاری کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے تاکہ پاکستان ہر قسم کی ماحولیاتی آلودگی اور ماحولیاتی خطرات سے محفوظ رہے

Comments are closed.