پی ٹی آئی کے تمام غیر ملکی خفیہ بینک اکاونٹس کی تحقیقات کی جائیں،اکبر ایس بابر
اسلام آباد(آن لائن)پی ٹی آئی کے تمام غیر ملکی خفیہ بینک اکاونٹس کی تحقیقات کی جائیں، بانی راہنما اکبر شیر بابر نے وزیر داخلہ سید محسن نقوی کو باضابطہ خط لکھ کر مطالبہ کر دیا ۔خط کی کاپی وزیراعظم شہباز شریف کو بھی بھیج دی ۔اکبر شیر بابر نے خط میں لکھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے فیصلہ کو 20 ماہ ہو چکے ہیں لیکن عمل درآمد نہیں ہوا،نشاندہی کے باوجود پی ٹی آئی کے غیر ملکی بینک اکاونٹس سے متعلق تاحال کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی۔اکبر ایس بابر نے خط میں مزید لکھا کہ غیر قانونی غیر ملکی خفیہ بینک اکاونٹس کا ملک دشمن کارروائیوں میں استعمال ہونا خارج از امکان نہیں
، پی ٹی آئی کی غیر قانونی غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہونے کے باوجود اس قومی سلامتی کے معاملہ پر مفصل اور بھرپور قانونی کارروائی سامنے نہیں آئی جو پریشان کن امر ہے۔ اکبر ایس بابر نیوزیر داخلہ کو خط میں لکھا کہ 2 اگست 2022 کو فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تمام پہلووں پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے، کسی بھی سیاسی جماعت کا بیرونی ممالک میں بینک اکاونٹس کھولنا اور خفیہ رکھنا جرم ہے، ان تمام پاکستانی شہریوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے جو ان خفیہ غیر ملکی اور غیر قانونی اکاونٹس کو استعمال کرتے ہوئے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
Comments are closed.