صدر مملکت آصف علی زرداری کی سندھ حکومت کوبی آر ٹی منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات

اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کو کراچی ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں،صدر آصف علی زرداری نے منصوبے کی تکمیل میں غیر معمولی تاخیر کا نوٹس لیا تھا ۔صدر مملکت کی ہدایات کے تحت ٹرانس کراچی (جسے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے) نے منصوبے کوآگے بڑھانے کیلئے اجلاس منعقد کیاتھا۔بورڈ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایکنک نے نظرثانی شدہ لاگت میں 30 فیصد اضافے کی منظوری دیدی ہے۔

اجلاس میں اس حوالے سے بتایا گیا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 79 ارب سے بڑھ کر 103 ارب تک جا سکتی ہے۔ سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے منصوبے کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کی تھی اور تمام اسٹیک ہولڈرزکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں تمام رکاوٹوں اور مسائل کو دور کرنے کو یقینی بنانا چاہیے۔قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اپنے اجلاس میں منصوبے کیلئے مزید فنڈز دینے کی منظوری دیدی ہے جبکہ سند ھ حکومت نے بھی ٹھیکیداروں کی جانب سے منصوبے کی لاگٹ میں اضافے کے مسئلے کو حل کر دیا ہے ۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کراچی ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے پر کام کافی ماہ سے بند پڑا ہے ۔بی آر ٹی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اس پر کام شروع ہوگیا تھا لیکن صرف 5 فیصد کام مکمل ہونے کے بعد ٹھیکیداروں نے لاگت میں اضافے اور دیگر مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے تعمیر روک دی۔ ٹھیکیداروں کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے ہم سے تعاون نہیں کیا جا رہا ۔ 26 کلومیٹر پر مشتمل کراچی ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل 2025میں ہونا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے ایک وفد نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران منصوبے کی تاخیر کا معاملہ اٹھایا تھا جس پرصدر مملکت نے ایم کیو ایم وفد کو یقین دہانی کروائی تھی کہ بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر کا معاملہ حکومت سندھ کے سامنے رکھیں گے۔

Comments are closed.