سپریم کورٹ نے قتل کے ملزم کی ضمانت منظور کرلی ،رہائی کا حکم
اسلام آباد ( آن لائن)سپریم کورٹ نے قتل کے ملزم کی ضمانت منظور کر تے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔یہ حکم چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے منگل کے روزجاری کیاہے۔ملزم حنیف خان پر سوات میں سوتیلے باپ کو لین دین کے تنازع پر قتل کرنے کا الزام ہے۔دوران سماعت چیف جسٹس نے پوچھاکہ ملزم کیخلاف کیا شواہد ہیں؟
جسٹس عرفان نے کہاکہ ریکارڈ کے مطابق برآمدگی زاہد نامی شریک ملزم کی نشاندہی پر ہوئی ہے۔جس کی نشاندہی پر برآمدگی ہوئی اسے پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے، اس پر چیف جسٹس نے ملزم کی ضمانت منظورکرلی۔ضمانت کا حکم سنتے ہی مقتول کی والدہ کی عدالت میں دہائی دینے لگ گئیں اورکہاکہ ہمارے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے، جیل سے دھمکیاں مل رہی ہیں کہ دوسرے بیٹے کو بھی قتل کر دینگے، اس پر چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کے کیس کا فیصلہ ہوچکا ہے، جس پر عدالتی عملے نے مقتول کے بھائی اور وہیل چیئر پر آئی والدہ کو روسٹرم سے ہٹا دیا۔
Comments are closed.