عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے سفیر عمران علی چوہدری کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے
مسقط(آن لائن)عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے سفیر عمران علی چوہدری کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا کہ وہ عمان میں پاکستانی سفیر کے خلاف شکایات کا نوٹس لیں کیونکہ وہ پاکستانی کمیونٹی کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کروا رہے ہیں حالانکہ مسقط میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بہت زیادہ زرمبادلہ پاکستان بھجواتی ہے،پاکستانی کمیونٹی کے گزشتہ پچاس سال سے بھی زائد عرصہ سے مقیم ایک سینئر رہنما اور عمان کے سابق چیف الیکشن کمشنر ارشد علی خان سمیت دیگر رہنماﺅں کا موقف تھا کہ پاکستانی سفیر عمران علی چوہدری آئے روز پاکستانی کمیونٹی کو تنگ کررہے ہیں،پاکستانی کمیونٹی نے جو سوشل گروپس آپس میں رابطے اور خیالات کے تبادلے کے لئے بنا رکھے ہیں اس میں بھی وہ شامل ہو کر وہ ایسی گفتگو کرتے ہیں جو کہ پاکستانیوں کے لئے باعث توہین ہوتی ہے اور اگر کوئی پاکستانی ان کے نقطہ نظر سے اختلاف کر دے تو اس کے خلاف پولیس کیس کی دھمکی دیتے ہیں ،بعض کیسز میں انہوں نے باقاعدہ پولیس کو پاکستانی کمیونٹی کے خلاف شکایت بھی درج کرائیں جو کہ تحقیقات کے بعد جھوٹی ثابت ہوئیں ۔
ارشد علی خان کا موقف تھا کہ انہوں نے صرف ایک وٹس ایپ گروپ میں سفیر محترم کے لئے یہ لکھا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی سے متعلق معاملات کو کمیونٹی گروپس میں اتنا کھل کر ڈسکس نہ کیا کریں جس پر وہ سیخ پا ہوگئے اور ان کے خلاف بھی پولیس کو رپورٹ کر دی لیکن پولیس نے تحقیقات کے بعد یہ رپورٹس خارج کردی ،انہوں نے کہا کہ یہ سفیر اپنے ہی لوگوں کے خلاف درخواستیں دے رہا ہے اسے یا تو حکومت تبدیل کرے یا اس کے خلاف کارروائی کی جائے ،فارن آفس میں اس کے خلاف بہت سی شکایات موجود ہیں لیکن ان پر ان کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی ۔جب یہ سپین میں تھے تو اس وقت بھی سوشل میڈیا پر ایک سکینڈل منظر عام پر آیا تھا اور یہاں پر بھی پاکستانی سفارت خانے میں پسند نہ پسند کی بنیاد پر فیصلے کئے جاتے ہیں اور پاکستانی کمیونٹی کے مفادات کا تحفظ کرنے کے بجائے انہیں ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔
Comments are closed.