شاہدخاقان عباسی بھی مسلم لیگ ن کے صدر کیلئے کاغذات جمع کراسکتے‘رانا ثناء اللہ
لاہور (آن لائن) ن لیگ کے صداتی انتخاب کیلئے پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی بھی کاغذات جمع کرا سکتے ہیں، لیکن ان کی اہلیت کا معیار اسکروٹنی کے وقت ہی پتا چلے گا‘ایک سے زیادہ امیدوار ہوئے تو پارٹی صدرکاانتخاب ووٹنگ یا شو آف ہینڈ کے ذریعے اس کا انتخاب کرلے گی۔پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں پا کستان ایک ایٹمی قوت بنا ۔ قائد نواز شریف کی پاکستان اور اپنی پارٹی کے لئے گرانقدر خدمات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے پارٹی کی صدارت چھوڑنے کے بعد جو پوزیشن خالی ہوئی تھی، پارٹی آئین کے مطابق اس پر الیکشن کا عمل شروع کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس 18 مئی کو طلب کیا گیا جس نے بطور صدر شہباز شریف کا استعفیٰ منظور کیا گیا،
ان سے درخواست کی گئی کہ نئے صدر کے انتخاب تک یہ ذمہ داریاں نبھائیں اور ان کا بطور قائم مقام صدر تقرر کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے الیکشن کمیشن مقرر کیا جس میں میرے علاوہ 2 اور لوگ بھی شامل ہیں، الیکشن کمیشن نے جو شیڈول جاری کیا، اس کے مطابق گذشتہ روز صبح 9 بجے سے لیکر شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی کا اجرا تھا، اس دوران 11 کے قریب کاغذات حاصل کیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ آج (منگل کی )صبح 10 بجے سے 12 بجے تک کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے، اگر کوئی کاغذات نامزدگی کا اجرا نہیں کرا سکا تو آج بھی اجرا ہوسکے گا اور آج ہی 12 بجے سے جمع کرانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا ، الیکشن کا مرحلہ شفاف طریقے سے کیا جا رہا ہے ۔ آج 4 بجے اس الیکشن کا مرحلہ تکمیل پائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 11 لوگوں نے کاغذات کامزدگی حاصل کیے ہیں، وہ اپنی پسند کے امیدوار کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کاغذات جمع کرا سکتے ہیں، لیکن ان کی اہلیت کا معیار اسکروٹنی کے وقت ہی پتا چلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک سے زیادہ پارٹی کی صدارت کے امیدوار سامنے آتے ہیں تو پھر سینٹرل ورکنگ کمیٹی ووٹنگ یا شو آف ہینڈ کے ذریعے اس کا انتخاب کرلے گی۔ انہو ں نے کہا نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا ۔ قائد اعظم کے بعد نواز شریف نے ہی مسلم لیگ ن کو مضبوط کیا ملک اور پارٹی کے لئے ان کی خدمات گر انقدر ہیں ۔ اگر پارٹی کے لوگوں کی یہ خواہش ہے کہ وہی لیڈ کریں تو اس میں کوئی حرج نہیں ۔
Comments are closed.