خیبرپختونخوا میں 3آپریشنز میں23دہشتگرد ہلاک،7سکیورٹی اہلکارشہید
راولپنڈی ( ان لائن)سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں 26 اور 27 مئی کو تین الگ آپریشنز میں مجموعی طور پر 23 دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا جبکہ 7 سکیورٹی اہلکار بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشنز بھی کئے گئے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران چھ دہشت گرد مارے گئے، اور متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے
، اس آپریشن میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، 27 مئی کو ضلع ٹانک میں کئے گئے ایک اور آپریشن میں سیکیورٹی اہلکاروں کی دہشت گردوں کے ٹھکانے پر موثر کارروائی کے نتیجے میں دس دہشت گرد مارے گئے، دریں اثناء ضلع خیبر کے علاقے باغ میں ہونے والی جھڑپ میں 7 دہشت گرد مارے گئے، جب کہ دو دہشت گرد زخمی ہوگئے، تاہم، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پانچ بہادر سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، جن میں کہوٹہ کے 32 سالہ نائیک محمد اشفاق بٹ، ضلع پونچھ کے 30 سالہ لانس نائیک سید دانش افکار، لیہ کے 32 سالہ سپاہی تیمور ملک، باغ کے 22 سالہ سپاہی نادر صغیر اور خوشاب کے 23 سالی سپاہی محمد یاسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، یہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
Comments are closed.