وزیراعظم کی بجلی کی لوڈشیڈنگ کم سے کم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کم سے کم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے شدید گرمی میں لوڈ مینجمنٹ کی صورت حال میں بہتری لائی جائے اورخبردار کیا ہے کہ بجلی کی چوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا‘بجلی چوری کے خلاف مشن کو منطقی نتیجے تک پہنچائیں گے اور بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے‘صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد بجلی چوری مہم میں بھرپور معاونت کریں‘بجلی کی اوور بلنگ قطعی طور پر نہیں ہونی چاہیے جبکہ نجکاری کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ مینجمنٹ اور بجلی چوری کے خلاف اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مختلف علاقوں میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے شدید گرمی میں لوڈ مینجمنٹ کی صورت حال میں بہتری لائی جائے‘بجلی کی چوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا‘بجلی چوری کے خلاف مشن کو منطقی نتیجے تک پہنچائیں گے اور بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے‘میں ذاتی طور بجلی چوری کی روک تھام پر پیشرفت کا ماہانہ جائزہ لوں گا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد بجلی چوری مہم میں بھرپور معاونت کریں‘قومی مفاد اور ملک کی ترقی و خوشحالی کا یہ تقاضا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف تمام حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی کی اوور بلنگ قطعی طور پر نہیں ہونی چاہیے‘اوربجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز تر کرنے اور اس حوالے سے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ وزیراعظم نے بلوچستان میں ٹیوب ویلوں کی سولرآئزیشن کے حوالے سے حکمت عملی جلد از جلد ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو بجلی کی لوڈ مینجمنٹ اور بجلی چوری کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزیر پاور کے درمیان ہونے والی بات چیت میں خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔لائحہء عمل کے تحت خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی،نادہندگان سے بجلی کے بلوں وصولی اور لائین لاسز میں کمی لائی جائے گی۔بجلی کی لوڈشیڈنگ ایسے علاقوں میں کی جا رہی ہے جہاں بجلی کی چوری اور لائین لاسز زیادہ ہیں اور بلوں کی ریکوری بہت کم ہے۔جنوبی -شمالی ٹرانسمشن لائن کی اپ گریڈیشن سے بجلی کے ترسیل نظام میں میں بہتری آئے گی۔بجلی کی چوری کی روک تھام کے لیے صوبائی اور ڈویژن کی سطح پر ٹاسک فورسز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔اجلاس کو بتایاگیا کہ ٹاسک فورسز کی کارکردگی کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت علی پرویز ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چئیر مین واپڈا، اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور انسپکٹرز جنرل پولیس نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

Comments are closed.