پاکستان کا بڑا اقدام، بھارت کو 2جاسوسوں تک قونصلر رسائی دیدی گئی

اسلام آباد (آن لائن)انسانی بنیادوں پر پاکستان نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بھارتی ہائی کمیشن کو 2 مبینہ بھارتی جاسوسوں تک قونصلر رسائی فراہم کر دی‘بھارت کی درخواست پر قونصلر رسائی فراہم کی گئی۔ ملاقات میں وزارت داخلہ کے افسران بھی موجود تھے۔سفارتی زرائع کے مطابق گذشتہ روز بھارتی ہائی کمشن حکام کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار بھارتی مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں تک قونصلر رسائی فراہم کی گئی،بھارتی مقبوضہ کشمیر کے دو نوجوان فیروز احمد لون اور نور محمد وانی کو جاسوسی کے الزام میں گلگت بلتستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔فیروز احمد لون 29 برس, جبکہ نور محمد وانی کی عمر 24 برس ہے۔سفارتی زرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کا تعلق مقبوضہ کشمیر میں بانڈی ہورہ کے علاقے گوریز سے ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نوجوان نومبر 2018 سے مقبوضہ کشمیر سے لاپتہ ہیں۔دونوں نوجوانوں کو غیر قانونی سرحد پار کرنے اور جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے قونصلر رسائی کی درخواست کے بعد پاکستان نے قونصلر رسائی فراہم کی گئی، گذشتہ روز دونوں قیدیوں کو گلگت بلتستان جیل سے اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کیا گیا۔قونصلر رسائی ملنے کے بعد بھارتی سفارتخانے کے 3 رکنی وفد نے اڈیالہ جیل میں دونوں قیدیوں سے ملاقات کی۔گذشتہ روز بھارتی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری سمیت 2 سٹاف ممبران نے ان قیدیوں سے ملاقات کی۔بھارتی ہائی کمیشن کے وفد میں فرسٹ سیکرٹری وینکٹیش وارلو سدھارا،سٹاف ممبر دھرووبرگجر اور پیتم سنگھ کرن شامل تھے۔ملاقات کے دوران وزارت داخلہ کے افسران بھی موجود تھے۔

Comments are closed.