28مئی چھٹی کا مقصد بانی پی ٹی آئی پر مزید کیسز بنانا ہے ، رؤف حسن

اسلام آباد(آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیلئے آج بھی ڈیل کی آفرز ہیں،عمران خان کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے اسی لئے جیل میں ہیں،بانی پی ٹی آئی نے جس دن کال دیدی سب لوگ باہر آجائیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ڈیل کر کے 10 دن میں باہر آ سکتے تھے۔عمران خان کے پاس پہلے 10 دن میں آفر تھی جب وہ اٹک جیل میں تھے لیکن وہ کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے۔ بانی پی ٹی آئی پر مزید کیس بنانے کی پوری کوششیں کی جا رہی ہیں۔28مئی کی چھٹی کا مقصد بھی یہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر مزید کیسز بنائے جائیں۔ شاہ محمود قریشی پر جو مزید کیسز بنا ئے گئے ہیں یہ اس کا واضح ثبوت ہے

، لیکن ہمیں پورا یقین ہے کہ 2024 میں بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آجائیں گے، آج حالات مختلف ہیں ایمرجنسی لگائیں گے تو ملک کا نقصان ہوگا۔نفرتیں بہت ہیں ایسی غلطیاں نہ کریں جس سے ملک کو نقصان ہو۔ پاکستان تحریک انصاف عوام کی جماعت ہے۔ عوام کہتے ہیں دفتروں میں کیوں بیٹھے ہو باہر نکلو۔ عوام ہم سے کہتے ہیں کسی قسم کا سمجھوتہ کیا تو معاف نہیں کریں گے۔ مراد سعید کے علاوہ بانی پی ٹی آئی نے سب رہنماوں کو منظرعام پر آنے کا کہاہے۔ حماد اظہر سامنے آگئے ہیں۔ میاں اسلم اقبال بھی جلد سامنے آجائیں گے۔مراد سعید سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے ابھی کوئی ہدایات نہیں دی ہیں۔گفتگو کے دوران رؤف حسن کا مزید کہنا تھا کہ مجھ پر حملہ ہوئے 7 دن گزرگئے ہیں مجھ سے کسی نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا۔ان لوگوں سے 4 لوگوں کی جیوفینسنگ نہیں ہو سکی۔ 9 مئی کے بعد 24 گھنٹوں میں 10 ہزار لوگوں کی جیوفینسنگ کر دی گئی تھی۔مجھ پر قاتلانہ حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہیں اس کے باوجود ابھی تک ملزمان نہیں پکڑے گئے۔ ایف آئی آر تو درج ہو گئی لیکن ہماری لیگل ٹیم چاہتی ہے کہ دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں۔

Comments are closed.