اسلام آباد (آن لائن)پنجاب میں دو الیکشن ٹریبیونلز کے قیام کے معاملے پر الیکشن کمیشن اور لاہور ہائی کورٹ آمنے سامنے آگئے،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبیونلز کے سنگل پینل نام مسترد کر دیئے اور سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔ہفتہ کے روز چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت کمیشن کا اجلاس ہوا،قانونی ٹیم نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے اور ٹریبیونلز کے لیے الیکشن کمیشن کے اختیارات پر بریفنگ دی، قانونی ٹیم نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ الیکشن ایکٹ کے تحت خود ٹریبیونلز کے لیے ایک جج کے نام کا فیصلہ نہیں کر سکتے
،الیکشن ایکٹ کے تحت ٹریبیونلز کا قیام الیکشن کمیشن کی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت سے کیا جانا تھا،الیکشن ٹریبیونلز کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ایک ایک جج کو نامزد کیا، الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے 2 الیکشن ٹریبیونلز کے لیے ججز کے پینل مانگے تھے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے دو ٹریبیونلز کے لیے صرف 2 ججز کے نام بھجوائے، ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے دونوں ٹریبیونلز کے قیام نئے آرڈیننس کے تحت بنانے پر بھی مشاورت شروع کر دی ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونلز کے سنگل پینل کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ،پنجاب میں انتخابی عذرداریوں کے لیے 4 میں سے 2 ٹریبیونلز پہلے ہی قائم ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.