آسان سرمایہ کاری،پاکستان اور چین کے درمیان معاہدہ طے پاگیا
بیجنگ(آن لائن)نیشنل بینک آف پاکستان اور چائنا پاکستان انٹرنیشنل سلک روڈ انڈسٹری انویسٹمنٹ مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے، صنعتی تعاون کو فروغ دینے، خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زی) کے قیام میں مدد اور دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اقتصادی وزیر اسلم چوہدری، چائنا پاکستان انٹرنیشنل سلک روڈ انڈسٹری انوسٹمنٹ مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے لیو جیانگ ہوا، ڈین زو حکومت، صوبہ ہائی نان، ڑانگ یو بو، ایم سی سی اور بینک آف تیانجن کے نمائندوں نے پاکستانی سفارتخانے میں منعقدہ دستخطی تقریب میں شرکت کی۔اسلم چوہدری نے شرکا کو غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پیش کی جانے والی سرکاری مراعات کے بارے میں بتایا
، انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں چینی کاروباری ادارے مختلف ممالک کے ساتھ پاکستان کی طرف سے کیے گئے ترجیحی معاہدوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صنعت کو منتقل کر سکتے ہیں اور مختلف ممالک کو مصنوعات برآمد کر سکتے ہیں۔ 22.5 کروڑ سے زائد آبادی والا پاکستان خود ایک بڑی مارکیٹ ہے اور چینی کمپنیاں اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں صنعت کاری پر توجہ دے رہی ہے اور مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے چینی تاجروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آئیں اور اپنے صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے سہولیات اور مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔ ایم او یو سے چینی کمپنیوں کو مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اگلے ہفتے چین جائیں گے جہاں سرمایہ کاری کے حوالے سے نئے معاہدے طے پائیں گے۔وزیراعظم کے 5 جون سے سرکاری دورے کا امکان ہے۔
Comments are closed.