پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر بس کو خوفناک حادثہ‘ 20 افرادجاں بحق،15زخمی
پنڈی بھٹیاں ( آن لائن ) پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر کوچ اور پک اب وین میں تصادم کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی مسافر کوچ اور پک اپ وین میں پنڈی بھٹیاں کے قریب خوفناک تصادم ہوا جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں کوچ میں سوار 20 مسافر جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مسافر بس میں 35 سے 40 مسافر سوار تھے اور حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بس حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 26 سالہ عمر تعلق فیصل آباد، عالیہ عمر 25 سال، امداد عمر 18 سال، ساجد عمر 25 سال، صابر عمر 39 سال، نذر عمر 34 سال، عبیرہ عمر 10 سال، مسافیا عمر 14 سال، ذیشان عمر 20 سال جبکہ عثمان کی عمر 15 سال ہے شامل ہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق ریسکیو ٹیمیں پانچ منٹ کے اندر پہنچ گئی تھی، بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں جب کہ حادثہ میں زخمی ہونے والوں میں کراچی، خیر پور، فیصل آباد، جلالپور بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں کے مسافر شامل تھے۔زندہ بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ مسافر بس کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی، اچانک گاڑی سے ٹکر کے بعد بس کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا تھا۔ حادثے کے بعد آئی جی موٹروے پولیس نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی عیادت کی۔اس موقع پر ئی جی موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 15 مسافروں کو زندہ ریسکیو کرلیا ہے، جبکہ حادثے میں اٹھارہ افراد جاں بحق جبکہ 15 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔اس حوالے سے ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر فہد احمد نے بتایا ہے کہ مسافر بس سڑک پر کھڑی سوزوکی پک اپ سے ٹکرا گئی، جس میں ڈیزل کی ٹنکی لوڈ تھی، پک اپ میں ڈیزل کے ڈرم رکھے ہوئے تھے جس کی وجہ سے بس میں آگ لگی، حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ہوسکے گی، زخمیوں کو پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ڈی ایس پی احسان ظفر نے کہا کہ صبح سوا 4 بجے کے قریب پک اپ وین اور مسافر بس کی ٹکر ہوئی، پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی، جس کے باعث گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور دونوں ہی گاڑیاں جل کر مکمل تباہ ہوگئیں،
فیصل آباد موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب پیش آئے حادثے میں 20 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ حادثے میں مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔ ایم ایس پنڈی بھٹیاں ہسپتال کا کہنا ہے کہ 11افراد کی لاشیں اور 15 زخمیوں کوپنڈی بھٹیاں ہسپتال لایا گیا، جن میں سے 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب نگران وزیراطلاعات مرتضٰی سولنگی نے بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ بس حادثے کی وجوہات کا تعین ضروری ہے۔مریم نواز نے فیصل آباد موٹر وے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب پک اپ وین اور مسافر کوچ کے تصادم کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ واقعے پر انتہائی دکھ ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں شامل ہیں، اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر دے۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ بس حادثے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
Comments are closed.