اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد میں مارگلہ ہلز پر آگ لگانے کے شبے میں گرفتار تین ملزمان سے تفتیش مکمل ہوگئی اور تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان شہد اکٹھا کرنے کی غرض سے مارگلہ ہلز جاتے اور مکھیوں کو بھگانے کے لیے آگ لگاتے تھے۔ اسلام آباد پولیس نے ملزمان جہانزیب، عابد حسین اور حسین بخش کو کلنجر گاؤں سے گرفتار کیا تھا۔پولیس کے مطابق تینوں ملزمان کا تعلق راجن پور سے ہے جو شہد اکٹھا کرنے کی غرض سے مارگلہ ہلز جاتے جہاں چھوٹی مکھی کے شہد کے چھتے بڑی تعداد میں موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تینوں افراد مکھیوں کو بھگانے کے لیے آگ اور دھوئیں کا استعمال کرتے تھے اور شہد اکٹھا کرنے کا کام فیصل مسجد کے عقب میں کیا جاتا۔ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے اس اقدام کی وجہ سے مارگلہ ہلز میں آگ پھیل کر قابو سے باہر ہو جاتی۔پولیس نے تینوں ملزمان کو تحقیقات مکمل کرنے کے بعد جیل بھیج دیا۔
Comments are closed.