بانی پی ٹی آئی کا متنازع ٹویٹ،رؤف حسن اور بیرسٹرگوہر کا بیان قلمبند
اسلام آباد(آن لائن)بانی پی ٹی آئی کے اکاونٹ سے متنازع ٹوئٹ کے معاملے پر ایف آئی اے نے ترجمان تحریک انصاف روف حسن اور بیرسٹر گوہر کا بیان قلمبند کر لیا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹر ی اطلاعات روف حسن سے چار گھنٹے تک تفتیش کی جبکہ بیرسٹر گوہر سے ایف آئی اے نے دو گھنٹے تک سوالات کیے ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے دونوں رہنماوٴں کو 21 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ بھی دیا۔ سوالنامے میں پوچھا گیا کہ بانی تحریک انصاف کا ٹوئیٹر اکاونٹ ان کی غیر موجودگی میں کون چلاتا ہے اوربانی تحریک انصاف کی غیر موجودگی میں کس کی اجازت سے مواد اپلوڈ ہوتا ہے۔ سوالنامے میں پوچھا گیا کہ متنازعہ ٹویٹ کس کی اجازت سے اپلوڈ کیا گیا تھا اورمتنازعہ ٹویٹ کو ابھی تک ڈیلیٹ نا کرنے کی کیا وجوہات ہیں۔ سوالنامے کے مطابق دونوں رہنماوٴں نے الگ الگ سوالوں کا جواب نامہ تفتیشی کو جمع کروا دیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوٴں نے جواب نامہ جمع کروانے کے بعد بیان الگ سے بھی ریکارڈ کروایا ہے اورتفتیشی ٹیم دونوں رہنماوٴں کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ طلب کرے گی۔ دونوں رہنماوٴں نے ایف آئی اے کو دوبارہ طلب کرنے پر پیش ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
ایف آئی اے کی جانب سے دونوں رہنماوں کی پانی اور جوس سے تواضع بھی کی گئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ایف آئی اے کی جانب سے انکوائری کیلئے بلایا گیا تھا اور میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے ہمراہ پیش ہوگیا تھا انہوں نے کہاکہ ایک گھنٹہ تک ایف آئی اے کے سوالوں کے جوابات دئیے ہیں اور اگر دوبارہ بھی ایف آئی اے نے بلایا تو ہم آئیں گے تاہم ابھی ہم نے اس معاملے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک چیز بتائیں گے کہ جو پارٹی سیٹیں جیتیں اس کو مینڈیٹ ملنا چاہیے انہوں نے کہاکہ ہم نے بار بار یہی کہا ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں ہونا چاہیے اور انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونی چاہیے اور ہم اپنی مخصوص نشستیں بھی اسی وجہ سے مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹس کو ڈیلیٹ کرنے یا نہ کرنے کا معاملہ ابھی زیر بحث ہے اور اس کا جو بھی فیصلہ آئے گا بتائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے ان کے وکیل نے مزید وقت مانگا تھا اسی وجہ سے آج وہ پیش نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کے اکاوٴنٹ سے جو ٹویٹ ہوا ہے اس حوالے سے معاملہ زیر سماعت ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت جو بھی معاملات چل رہے ہیں اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات کرکے تمام تفصیلات پر مشاورت کریں گے تاہم ابھی تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی ہے
Comments are closed.