9 مئی کے پرتشدد واقعات میں اشتہاری 89 افراد کے خیبرپختونخوا میں روپوش ہونے کا انکشاف

کراچی (آن لائن)9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق پنجاب میں درج مقدمات میں اشتہاری قرار دیے گئے 89 افراد کے خیبرپختونخوا میں روپوش ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 9 مئی میں ملوث خیبرپختونخواہ میں پناہ لینے والوں میں اسلم اقبال، حماد اظہر سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنما بھی ان روپوش افراد میں شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس نے اشتہاریوں کی فہرست خیبرپختونخوا پولیس کوارسال کردی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے موثرحکمت عملی مرتب کی جائیگی، خیبرپختونخوا سے اشتہاریوں کی گرفتاری کے دوران مزاحمت کے امکانات ہیں۔خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔

Comments are closed.