مودی نے اپنا استعفیٰ صدر دروپدی مرمو کو بھجوادیا‘ لوک سبھا تحلیل کرنے کی سفارش

نئی دہلی (آن لائن)بھارتی وزیراعظم نے اپنا استعفیٰ صدر دروپدی مرمو کو بھجوادیا جس میں لوک سبھا تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، نریندر مودی 8 جون کو تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا حلف لیں گے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز وزراء کونسل کے ساتھ اپنا استعفیٰ بھارتی صدر دروپدی مرمو کو بھجوادیا ہے۔بھارتی صدر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بھارتی وزیراعظم کی جانب سے بھیجا گیا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے نریندر مودی اور وزراء کونسل سے نئی حکومت کے عہدہ سنبھالنے تک کام جاری رکھنے کی درخواست کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی بھارتی تاریخ میں تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے والی دوسری شخصیت ہیں، ان سے قبل جواہر لال نہرو تین مرتبہ بھارت کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ذرائع نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ مودی کی جانب سے 8 جون کی شام کو مسلسل تیسری مدت کے لیے وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے کا امکان ہے، اور یوں سابق وزیراعظم جواہر لال نہرو کے بعد مودی تیسری مدت کے لیے اقتدار برقرار رکھنے والے دوسرے رہنما ہوں گے۔حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے 292 سیٹیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے، تاہم بی جے پی اکیلے سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے قائدین آج شام لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا جائزہ لینے اور حکومت سازی کی تفصیلات پر غور کرنے کے لئے اہم ملاقات کریں گے۔

Comments are closed.