قاسم سوری کی ڈی سیٹ کرنے کیخلاف اپیل پر سماعت

اسلام آباد ( آن لائن)قاسم سوری کی ڈی سیٹ کرنے کیخلاف اپیل پر سماعت کے دوران قاسم سوری سپریم کورٹ کی طلبی پر ایک مرتبہ پھر پیش نہ ہوئے۔سپریم کورٹ نے قاسم سوری کی طلبی کے اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ طلبی کا نوٹس قاسم سوری کے گھر کے باہر بھی چسپاں کیا جائے۔عدالت نے کہاہے کہ ریکارڈ کے مطابق قاسم سوری کے بھائی بلال نے نوٹس وصول کرنے سے انکار کیا، قاسم سوری جان بوجھ کر سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہو رہے، سابق ڈپٹی سپیکر کی جانب سے نوٹس وصولی سے اجتناب بدقسمتی ہے، عدالت نے یہ ریمارکس جمعہ کے روز دیے ہیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت چیف جسٹس فائز عیسی کا قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری سے مکالمہ بھی ہوا ہے جس میں چیف جسٹس نے نعیم بخآری سے کہاکہ آپ کے موکل میڈیا اور سوشل میڈیا پر بہت متحرک ہیں، اس پرنعیم بخآری نے جواب میں کہاکہ پتا نہیں جناب میں تو ٹی وی نہیں دیکھتا، چیف جسٹس نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود ٹی وی کی شخصیت ہیں اور ٹیلی ویژن نہیں دیکھتے، کیا آپ ایکس یا ٹویٹر سے واقف ہیں؟ نعیم بخآری نے کہاکہ سوشل میڈیا استعمال کرتا ہوں نہ ہی مجھے استعمال کرنا آتا ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ آپ خود کو بوڑھا کیوں سمجھ رہے ہیں جوان اور اپ ٹو ڈیٹ رہیں، نعیم بخآری نے کہاکہ بوڑھا تو اب ہوچکا ہوں، جسٹس عرفان نے کہاکہ ایک ٹی وی پروگرام میں آپ نے کہا تھا میرے دوست مجھے بوڑھا نہیں ہونے دیتے، نعیم بخآری نے کہاکہ میرا قاسم سوری سے کوئی رابطہ نہیں ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ آئندہ سماعت جولائی میں رکھیں گے، عدالتی حکم میں آئندہ تاریخ مقرر کر دینگے، بعدازاں عدالت نے سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کر دی۔

Comments are closed.