پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شکست پر امریکی ترجمان کا دلچسپ جواب
واشنگٹن(آن لائن)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیگ میچ میں امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں جب بھی ایسے کسی معاملے پر بولتا ہوں جس میں مہارت نہ ہو تو مشکل میں پڑ جاتا ہوں۔میڈیا بریفنگ کے دوران میتھیو ملر نے کہا کہ کرکٹ کے معاملات میں ان سے کچھ پوچھا جائے جو اس کھیل اور اس کے مبادیات کو اچھی طرح جانتے ہوں۔انڈیا ٹوڈے نے اپنے تبصرے میں کہا کہ میتھیو ملر کے جواب سے یہ اندازہ ہو جاتا ہے کہ کرکٹ چاہے جنوبی ایشیا سمیت متعدد خطوں میں غیر معمولی مقبولیت سے ہم کنار ہو تاہم امریکا میں ابھی تک اس کھیل کی خاطر خواہ پذیرائی نہیں کی گئی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھیل کو مقبولیت سے ہم کنار کرنے کے لیے امریکا کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی سونپی۔ ایونٹ میں امریکی ٹیم کی کارکردگی اب تک بہت اچھی رہی ہے اور اس کے اگلے مرحلے یعنی سپر ایٹ میں پہنچنے کا امکان بھی برقرار ہے۔
Comments are closed.