وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی کیلئے حکومت کا سائز چھوٹا کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی کیلئے حکومت کا سائز چھوٹا کرنے کا فیصلہ کر لیاگیا ہے اور اس مقصدکیلئے وزیراعظم شہبازشریف نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے جو وفاقی حکومت کا حجم کم کرنے کیلئے 75دن میں سفارشات پیش کرے گی۔وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی سے متعلق بڑا اقدام کیاگیا ہے اور وفاقی حکومت کے حجم کو کم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے وفاقی حکومت کا سائز چھوٹا کرنے کے لئے قائم کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ کرینگے ۔
منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، اقتصادی امور کے وزراء رکن مقرر کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ سیکرٹری، پاور ڈویژن، سیکرٹری، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔بلال اظہر کیانی،ڈاکٹر قیصر بنگالی، ڈاکٹر فرخ سلیم کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔اعلی سطح کی کمیٹی کے ٹی او آر بھی وضع کر لئے گئے، وفاقی حکومت کے امور کی انجام دہی کے لئے تجاویز اور ٹھوس پلان تیار کیا جائے گا ۔کمیٹی اثاثہ جات، انسانی وسائل اور دیگر امور کی حفاظت کے طریقہ کار تجویز کرے گی ۔کمیٹی کو تفویض کردہ کام کے دائرہ کار سے متعلق کوئی بھی معاملہ زیر غور لایا جا سکے گا ۔کمیٹی ضرورت کی بنیاد پر کسی بھی اضافی ممبر کا انتخاب کر سکتی ہے۔۔کمیٹی 75 دنوں کے اندر اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔کابینہ ڈویژن کا ادارجاتی اصلاحات کا سیل کمیٹی کی معاونت کرے گا۔
Comments are closed.