پنجاب کی جیلوں میں عید کے دونوں روز خصوصی ملاقاتوں کی اجازت

لاہور(آن لائن)پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو عید کے پہلے 2 دن خصوصی ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹ کو خصوصی ملاقات کے لیے انتظامات کی ہدایت کر دی۔سپرنٹنڈنٹس کوکسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ہدایت کی گئی ہے کہ قیدیوں کے ملاقاتیوں کو چیکنگ کے بعد کھانا جمع کروانے کی اجازت بھی دی جائے۔آئی جی جیل خانہ جات نے حکم دیا کہ قیدیوں سے ملاقاتیوں کی سہولت کے لیے اسپیشل ڈیوٹیاں بھی لگائی جائیں، ملاقات میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے سینئر افسران انتظار گاہ، ملاقات شیڈ کے مسلسل وزٹ کریں۔آئی جی نے ہدایت کی کہ جیلوں کے سپرنٹنڈنٹ مخیر حضرات سے قربانی کے گوشت کی وصول کر کے قیدیوں کے ڈنر کا بندوست کریں اور رپورٹ صدر دفتر کو ارسال کریں۔میاں فاروق نذیر کا کہنا تھا کہ سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے خصوصی ملاقات کے انتظامات کی نگرانی کی جائے، کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ترجمان نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن صرف فیملی ممبران کو ملاقات کی اجازت ہوگی،دوست احباب و دیگر افراد ملاقات کے لیے آنے کی تکلیف نہ کریں ورنہ انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Comments are closed.