وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبہ کمیٹی کے وزیر کی ملاقات

اسلام آباد ( آن لائن )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبہ کی مرکزی کمیٹی کے وزیر لیو جیان چاو کی ملاقات،دونوں جانب سے سی پیک کی مستحکم رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور ترقی و خوشحالی میں سی پیک کے مثبت کردار کو سراہا،وزیر خارجہ نے چین کے صدرکے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ منصوبے کی تعریف کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے وزیر سے ملاقات میں چین کے صدر کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ منصوبے کی تعریف کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سی پیک کی کامیابیوں اور اس کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر لیوجیان چاؤ نے کہا کہ وقت کے آزمائے ہوئے دوست کی حیثیت سے چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیتا ہے پاکستان کے ساتھ ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ چینی وزیر کا کہنا تھا کہ چین پاکستان میں تمام جاری اور نئے سی پیک منصوبوں کے بروقت نفاذ کے لیے پاکستان کو مکمل تعاون فراہم کرے گا چینی وزیر نے چین پاکستان دوستی کی مستقل حمایت پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی بھی تعریف کی انہوں نے چین کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطح تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر رابطے کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

Comments are closed.