قبائل میں آپریشنز سے کتنی دہشتگردی ختم ہوئی، سینیٹر حافظ حمداللہ

اسلام آباد (آن لائن)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ خواجہ آصف بتائیں ماضی میں مختلف ناموں سے قبائل میں آپریشن ہوئے تو دہشت گردی ختم ہوئی؟ یہ آپریشن سندھ کے کچے کے ڈاکوؤں اور پنجابی طالبان کے خلاف کیوں نہیں ہوتے۔ خواجہ آصف کے بیان پر رد عمل میں سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا کہ ٹی ٹی پی کو باجوہ اور فیض حمید سے نتھی کرنے والے خواجہ آصف کا قد کاٹھ اتنا نہیں کہ وہ مولانا فضل الرحمن کے بیان کو سیاسی قرار دیں۔ خواجہ آصف بتائیں ماضی میں مختلف ناموں سے قبائل میں آپریشن ہوئے تو دہشت گردی ختم ہوئی؟

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغانستان سے بات چیت کے بجائے طاقت کے استعمال کو کیوں ترجیح دی جاتی ہے۔ حافظ حمد اللہ نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی ووٹ بنک رکھنے والی جماعت ہے ان دو صوبوں میں آپریشن کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔یہ آپریشن سندھ کے کچے کے ڈاکوؤں اور پنجابی طالبان کے خلاف کیوں نہیں ہوتے۔ ہمیں یاد ہے شہباز شریف جب پنجاب کے وزیر اعلیٰ تھے تو انہوں نے پنجابی طالبان کو اپنے بھائی قرار دئیے تھے۔ حافظ حمد اللہ نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کو اتنے بڑے فیصلے کا اختیار نہیں ہے کہ ایک ہمیشہ کی طرح دہشت گردی کے نام پر قبائل کو بے گھر کیا جائے۔ بجٹ کی خطیر رقم ہڑپ کرنے اور ڈالر کمانے کے لیے عزم استحکام کے نام پر عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کو قوم بھانپ چکی ہے۔ خواجہ آصف کو معلوم نہیں کہ احسان اللہ احسان کے سہولت کار کون ہے؟

Comments are closed.