بھارتی فوج کی کنٹرول لائن کے نزدیکی نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ، گھاس کا ٹنے میں مصروف 60سالہ بزرگ شہید ، تین خواتین زخمی

راولپنڈی(آن لائن)بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے نزدیکی نکیال سیکٹر میں گھاس کاٹتے ہوئے بے گناہ شہریوں پر بلا اشتعال فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک 60سالہ بزرگشہید جبکہ تین خواتین زخمی ہوگئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں 60سالہ محمد غیاث ساکن گاوٴں اولی، ضلع کوٹلی کی شہادت ہوئی ہے ۔بے گناہ شہریوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ کھیت میں گھاس کی کٹائی میں مصروف تھے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کھلم کھلا بھارتی جارحیت موجودہ سیز فائر معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستان اپنی سرحدوں پر امن و سکون کا خواہاں ہے تاہم اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔پاکستانی عوام کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Comments are closed.