بجٹ کی منظوری ناکافی قرار‘آئی ایم ایف نے ڈو مور کا مطالبہ کرد یا

اسلام آباد(آن لائن)آئی ایم ایف نے بجٹ کی منظوری کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ڈو مور کا مطالبہ کرد یا ہے تاہم ٹیکس کی چھوٹ اور رعایتیں ختم کرنے کے فیصلے اورسخت معاشی فیصلوں کوسراہاہے۔باخبر ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف بجلی اور گیس کے ریٹ میں اضافہ چاہتا ہے اور اس نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان یکم جولائی سے بجلی کے ریٹ میں اضافہ کرے، یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ بجلی مہنگی کرنے کے لیے نیپرا کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے، نئے مالی سال میں گیس کے ریٹ بڑھا کر سبسڈی کنٹرول کی جائے۔ ذرائع کے مطابق نئے قرض پروگرام کے لیے آئی ایم ایف پیشگی تمام شرائط پر عملدرآمد چاہتا ہے۔آئی ایم ایف کا وفد جولائی کے دوسرے ہفتے میں پاکستان آنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق جون کے آخری ہفتے میں پاکستان آنے کا پروگرام موخرکردیا گیا ہے اور آئی ایم ایف نے بجٹ میں سخت معاشی فیصلوں کو سراہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے مشکل معاشی فیصلے معیشت کے لیے ضروری قرار دیے ہیں،ٹیکس کی چھوٹ اور رعایتیں ختم کرنے کے فیصلے کی بھی تعریف کی ہے۔

Comments are closed.