لاہور میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، ایل پی جی بھی مہنگی ہو کر نایاب ہو گئی

لاہور (آن لائن )لاہور میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، بیشتر علاقے گیس سے محروم ہیں، جبکہ ایل پی جی بھی مہنگی ہو کر نایاب ہو گئی۔لاہور میں گیس کے صارفین کا کہنا ہے کہ گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ناشتہ اور کھانا بنانا مشکل ہو گیا ہے۔اندرونِ شہر، گڑھی شاہو، نسبت روڈ، گوالمنڈی، باٹا پور، فیروز پور روڈ کے ملحقہ علاقوں، کاہنہ، سبزہ زار، ہربنس پورہ، جوہر ٹاون، اچھرہ، سمن آباد، چوبرجی، رائے ونڈ روڈ کی آبادیاں، کوٹ عبدالمالک، شاہدرہ، سگیاں پل، شالیمار، ٹاون شپ ، لاہورکینٹ، گھوڑے شاہ، انجینئرنگ یونیورسٹی سے ملحقہ آبادیوں، گرین ٹاون، کوٹ لکھپت، ڈیفنس، مسلم ٹاون اور دیگر علاقوں میں گیس غائب ہے۔گیس صارفین کا کہنا ہے کہ شہر میں ایل پی جی بھی نایاب اور مہنگی ہو گئی ہے، ایل پی جی کا سرکاری ریٹ 234 روپے ہے جو بازار میں 300 روپے کلو میں مل رہی ہے۔گیس صارفین کے مطابق سوئی گیس حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، ان کی جانب سے گیس کی بندش کا شیڈول بھی جاری نہیں کیا گیا، شکایات سینٹرز پر شکایات کی بھر مار ہے، کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔

Comments are closed.