حمزہ شہباز کی این اے 118سے کامیابی کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب

لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118سے کامیابی کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرلیے جبکہ جسٹس انوار حسین نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت ٹربیونل کا طریقہ کار پرفیکٹ بنایا گیا ہے لیکن یہ پرفیکٹ طریقہ کار پرفیکٹ نظام کے لیے ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں این اے 118سے حمزہ شہباز کی کامیابی کے خلاف دائر اپیل پر سماعت ہوئی، الیکشن ٹربیونل کے جسٹس انوار حسین نے سنی اتحاد کونسل کی رہنما عالیہ حمزہ کی درخواست پر سماعت کی۔الیکشن ٹربیونل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فریقین سے دلائل طلب کرلیے، جس پر حمزہ شہباز کے وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق اعترضات عائد کر دیئے ۔حمزہ شہباز کے وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نے درخواست کے ساتھ متعلقہ دستاویزات لف نہیں کی اور درخواست کے متعدد صفحوں پر دستخط بھی موجود نہیں ہیں، الیکشن ایکٹ کے تحت ان پیٹیشنز کو دیوانی انداز میں چلایا جانا چاہیے ۔ جسٹس انوار حسین نے ریمارکس دیئے کہ متعدد الیکشن پیٹیشن میں مشترکہ سوالات ہیں

، ان کے جوابات چاہیے ،کیا درخواست میں نوٹسز ہونے کے بعد اعتراض عائد ہوسکتا ہے، عام طور پر الیکشن ٹربیونل میں اعتراضات کی نوعیت معمولی ہوتی ہے۔لاہور لائیکورٹ کے جج نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت ٹربیونل کا طریقہ کار پرفیکٹ بنایا گیا ہے لیکن یہ پرفیکٹ طریقہ کار پرفیکٹ نظام کے لیے ہے، جہاں پر ایک انتظامی ادارے پر ایک ہی نوعیت کے سنگین الزامات ہوں تو کیا ہمیں عمومی اعتراضات دیکھنے چاہیے ۔جسٹس انوار حسین نے استفسار کیا کہ الیکشن ایکٹ کیوں بنا اس کا مقصد کیا تھا، جمہوری سسٹم ہے عوامی نمائندے الیکٹ ہوکر آتے ہیں، اس جمہوری پراسیس کی کیا ویلیو رہ جاتی ہے جہاں ایسے الزامات ہوں اور ان کے جوابات نہ ملیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فلوریڈا والے الیکشن ہوں تو پھر اور بات ہے، وہاں ہم ایسے اعتراض دیکھ سکتے ہیں، یہاں ہر دوسرا الیکشن عدالت میں آتا ہے، اعتراض ہے کہ پٹیشن پر دستخط نہیں ہیں، کیا جج سائن کرنا نہیں بھول جاتا، کیا پارلیمنٹرینز نہیں بھول جاتے۔حمزہ شہباز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن ٹریبونل کا دائرہ اختیار بہت محدود ہے، جسٹس انوار حسین نے کہا کہ اب تو سپریم کورٹ نے بھی کہہ دیا کہ ایک سول جج کیس سنتے وقت آئین کی کتاب سامنے رکھے، اگر سول جج آئین کو دیکھ کر فیصلہ کرسکتا ہے تو پھر ٹریبونل کیوں نہیں۔بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے درخواست رواں ماہ کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ سنی اتحاد کونسل کی رہنما عالیہ حمزہ نے حمزہ شہباز کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حمزہ شہباز دھاندلی کے ذریعے این اے 118سے کامیاب قرار پائے، ٹربیونل حمزہ شہباز کی کامیابی کو کالعدم قرار دے۔

Comments are closed.