وزیر اعظم سے تاجک ہم منصب کی ملاقات ،دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اظہار اطمینان
دوشنبے (آن لائن) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تاجکستان کے وزیر اعظم قاہر رسول زادہ سے آج دوشنبہ میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان و تاجکستان کے مابین موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تاجک وزیراعظم کو تیسری اعلیٰ سطحی آبی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور آبی سفارت کاری کے شعبے میں تاجکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کو پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اس بلندی سے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں میں تعاون کو فروع ملے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی "ویڑن سنٹرل ایشیا” پالیسی کے مطابق تاجکستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے مزید فروغ کو جاری رکھے گا۔
انہوں خطے کی پائیدار اور طویل مدتی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی روابط کی کلیدی اہمیت پر بھی زور دیا۔ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی اور وسط ایشیائی خطے میں علاقائی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاجک وزیراعظم کو کراچی بندرگاہ کو ٹرانزٹ تجارت کے لیے استعمال کرنے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ریل ٹریکس اور سڑکوں کی تعمیر سے علاقئی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے وسط ایشیائی ممالک کو تجارتی راہداری فراہم کرنے اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے علاقائی کنیکٹیویٹی سمٹ کی میزبانی کی تجویز پیش کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین شروع ہونے والی حالیہ بین الاقوامی پروازوں کا خیر مقدم کیا اور ان پروازوں کی تعداد میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تاجک اور پاکستانی عوام کے مابین مزہبی اور ثقافتی اقدار مشترک ہیں اور دونوں ممالک کے مابین سماجی روابط کو مزید توسیع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ثقافت، تعلیم، کھیلوں اور عوام سے عوام کے روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا بھی اعادہ کیا۔بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سے تاجکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چیئرمین نے ملاقات کی ہے،دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات سمیت پارلیمانی تبادلوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماوٴں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعاون کے حوالے اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے پہلے سے قائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اور باقاعدہ پارلیمانی تبادلوں کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اراکین پارلیمنٹ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دونوں راہنماوٴں نے پاکستان اور تاجکستان کے اراکین پارلیمنٹ کی مسلسل بات چیت اور روابط کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے جمہوریہ تاجکستان کے آئین کی 30ویں سالگرہ پر چیئرمین کو مبارکباد بھی دی۔وزیراعظم تاجکستان کے صدر عزت مآب امام علی رحمٰن کی دعوت پر تاجکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں ہیں۔
Comments are closed.